پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ امید دی گئی تھی، جس دن عمران خان دوبارہ اس ملک کی باگ ڈور سنبھالے گا اس قوم کی تکلیفوں کا مداوا ہو جائے گا، مگر اب جب بات عمران خان کی ہی زندگی پر آ گئی ہے تو ہمیں ہم اپنی آخری امید کو بچانے کے لیے صبر اور بزدلی کے فرق کو واضح کرنا ہو گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں رہنما پی ٹی آئی مراد سعید نے کہا کہ ’ہم نے یہ زندگیاں اپنی آزادی کے لیے داؤ پر لگائی تھیں، اب ان کو بچانے کے لیے کیا ہم تاریخ کے مجرم بنیں گے؟ کیا ہم نے انتظار کرنا ہے کہ یہ ہماری آخری امید کا بھی گلہ گھونٹ دیں یا اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے؟‘
مراد سعید نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ یا تو ہم نے فرداً فرداً ان کے جبر کا نشانہ بننا ہے، اپنا لیڈر بھی گنوانا ہے اور اپنا ملک بھی یا ایک بار یکجا ہو کر اپنی آزادی، اپنے لیڈر اور اپنی قوم کے لیے انصاف مانگنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے ہمارے لیڈر عمران خان نے ہمیشہ پر امن احتجاج کا اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کیا ہے، بے بنیاد جعلی کیسز میں بھی قانون کا احترام کرتے ہوئے پیشیاں بھگتیں مگر جواباً ہم پر قاتلانہ حملے ہوئے اور غیر قانونی گرفتاریاں ہوئیں۔‘
اپنی یہ زندگیاں ہم نے داؤ پر لگائ ہی اپنی آزادی کے لیے تھیں اب ان کو بچانے کے لیے کیا ہم تاریخ کے مجرم بنیں گے؟ کیا ہم نے انتظار کرنا ہے کہ یہ ہماری آخری امید کا بھی گلہ گھونٹ دیں یا اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہے؟
ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ یا تو ہم نے فرداً فرداً ان کے جبر کا نشانہ…— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) October 2, 2023
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں کے ساتھ مہینوں سے عادی مجرموں سے بدتر سلوک کیا جا رہا ہے، نظامِ عدل کا یہ عالم ہے کہ ضمانتیں ہاتھ میں ہوں گی اور عدالت کے دروازے سے آپ کو اٹھا لیا جائے گا۔
مراد سعید نے کہا ہے کہ ہم نے ہر ستم پر صبر کیا اس امید پر کہ جب بھی اس ملک میں آئین و قانون بحال ہوگا تو یہ ثابت ہو گا کہ ہمارا اکلوتا جرم غلامی سے انکار تھا۔
’ اس امید پر کہ جس دن عمران خان دوبارہ اس ملک کی باگ ڈور سنبھالے گا تو اس قوم کی تکلیفوں کا مداوا ہو جائے گا۔ مگر اب جب بات عمران خان کی ہی زندگی پر آ گئی ہے تو ہمیں صبر اور بزدلی کے فرق کو واضح کرنا ہو گا۔’
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں بتانا ہوگا کہ ہم اپنی آخری امید کو مذموم مقاصد کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے، کوئی بعید نہیں کہ اپنے جن سروں کو ہم آج بچا رہے ہیں ہمارے کاندھے ان کا بوجھ اٹھانے کی بھی سکت گنوا دیں‘
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والے ہنگاموں کے بعد سے روپوش ہیں اور گاہے بہ گاہے پی ٹی آئی کارکنان کو متحرک کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر پیغام شیئر کرتے رہتے ہیں۔