سابق پولیس انسپکٹر اور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر پر ایک اور مقدمہ درج

اتوار 15 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب پولیس کے سابق انسپکٹر اور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ عابد باکسر پر ایک اور مقدمہ درج  کر لیا گیا ہے، پولیس کے مطابق مقدمہ بھتہ وصولی اور اغواء برائے تاوان کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ باغبان پورہ کے رہائشی احمد علی نامی ایک ہوٹل مالک نے درج کروایا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق عابد باکسر کے 4 سے 5 ساتھیوں نے ہوٹل میں آکر 2 کروڑ روپے مانگے۔ ان مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی جس پر عابد باکسر نے 2 کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 4 سے 5 روز بعد دوبارہ اسی طرح بھتہ مانگا گیا اور نہ دینے پر اغواء کر لیا گیا۔ جس کے بعد گھر والوں سے 10 لاکھ روپے وصول کیے گئے اور باقی دینے کی شرط پر رہا کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ احمد علی کی درخواست پر عابد باکسر سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عابد باکسر کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت پہلے ہی 2 مقدمات درج ہیں۔

واضح رہے عابد باکسر پنجاب پولیس کا انسکپٹر رہ چکا ہے، اور انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کے طور پر بھی جانا جاتا رہا ہے۔ لاہور پولیس نے عابد باکسر کے خلاف 365 اے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp