بلوچستان کے کھیلوں کے وزیر جمال خان رئیسانی نے آج جناح فٹبال اسٹیڈیم اسلام آباد کا دورہ کیا اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر ہوم لیگ کے سلسلے میں پاکستان اور کمبوڈیا کی ٹیموں کے درمیان 17 اکتوبرکو ہونے والے فٹبال میچ سے قبل انتظامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق جمال رئیسانی نے جناح فٹبال اسٹیڈیم میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شائقین پاکستان اور کمبوڈیا کی فٹبال ٹیموں کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئیں اور قومی فٹبالرز کی حوصلہ افزائی بھی کریں، انہوں نے کہا کہ وہ بلوچستان میں بھی فٹبال کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔
مزید پڑھیں
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل فٹبال میچ کے لیے جمال رئیسانی نے بھرپور تعاون کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ شعیب کھوسو کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں، میچ کی میزبانی کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے سخت محنت کی۔
واضح رہے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر ہوم لیگ کے لیے کمبوڈین ٹیم گزشتہ روز پاکستان پہنچی تھی، پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان ہوم لیگ 17 اکتوبر کو جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔