خیبرپختونخوا میں نوازشریف کی وطن واپسی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، جہاں مسلم لیگ ن کے چار بڑے قافلے خیبر پختونخوا سے روانہ ہونے کے لیے تیار ہیں۔ صوبے سے پہلا قافلہ آج رات ’امیدِ پاکستان‘ کے نام سے خصوصی ٹرین کے ذریعے پشاور سے لاہور کے لیے روانہ ہوگا۔
ترجمان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا اختیارولی خان کے مطابق پشاور ، مردان اور ملاکنڈ ڈویژن کے قافلے کل صبح پشاور موٹروے سے روانہ ہوں گے جبکہ ہزارہ ڈویژن کے قافلے برہان انٹرچیج پر بڑے قافلے میں شامل ہوں گے، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن کے قافلے اسلام آباد انٹرچینج پر مرکزی قافلے میں شامل ہوں گے۔
خیبر پختونخوا سے قافلوں کی قیادت امیرمقام، اختیارولی، اور الحاج شاہ جی گل آفریدی کریں گے جبکہ ہزارہ ڈویژن کے قافلے کی قیادت مرتضٰی عباسی، سردار یوسف اور بابر نواز خان کرینگے۔ جنوبی اضلاع سے بڑے قافلے کی قیادت، عباس آفریدی، ناصر کمال اور عالمگیر شاہ کریں گے۔
اختیار ولی کے مطابق خیبرپختونخوا سے 2 ہزار گاڑیوں پر مشتمل نوجوانوں کا خصوصی دستہ بھی نواز شریف کے استقبال اور جلسے میں شرکت کے لیے لاہور روانگی کے لیے تیار ہے۔ نوجوانوں کا دستہ مخصوص روایتی پختون لباس میں ملبوس جلسے میں شریک ہوں گے۔
ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے مطابق تمام قافلے شام چار بجے تک انشاءاللہ لاھور پہنچیں گے۔ ’نوازشریف کی واپسی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی دوبارہ شروعات ہے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنا اور معیشت کی بحالی نوازشریف کا پہلا ٹارگٹ ہوگا۔ امن کی بحالی پہلی ترجیحات میں شامل ہیں۔‘