حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، وزیرخزانہ شمشاد اختر

ہفتہ 28 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔ معاشی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شمشاد اختر نے کہاکہ نگراں حکومت نے مسائل کے حل کے لیے تیزی سے اقدامات کیے۔ بحرانوں کے باوجود معیشت کو بحال رکھنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی کوئی آسان کام بھی نہیں ہے، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے دنیا کو معاشی میدان میں مسائل کا سامنا ہے۔

شمشاد اختر نے کہاکہ حکومت صنعتی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے، اس کے علاوہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کو ہم نے نہ صرف روکا بلکہ نیچے لایا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں، زراعت کے شعبے پر توجہ دے کر مسائل سے نکلا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اچھا کام کیا، حکومتی کوششوں سے مختلف شعبوں میں بہتری آ رہی ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ اور غیرقانونی کارروائیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

شمشاد اختر نے کہاکہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 3 ماہ میں ہدف سے بڑھ کر ٹیکس اکٹھا کیا جو خوش آئند ہے اور ریونیو میں مزید اضافے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، غیرقانونی ٹرانزیکشنز کے خلاف بھی کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ابھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کا وفد 2 نومبر کو پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، روپے کی قدر میں استحکام میں سیکیورٹی اداروں کا بہت کردار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp