پاکستان خود مختار ملک، ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، اسحاق ڈار

منگل 1 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور ہم درست معاشی سمت کی جانب گامزن ہیں۔

اسلام آباد میں ’منرل سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں 6 ٹریلین کے معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، دوست ملک اور عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے پاس اربوں ڈالر کا گیس پائپ لائن کا نظام ہے، زراعت، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی میثاق معیشت کی بات کی تھی، اب بھی اس کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آہستہ آہستہ ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ملک ہے، ہم  دوست ممالک کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کو پورا کریں گے، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کبھی ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے بھی منرل سمٹ سے خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں 75 سال میں اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی لیکن اب دیں گے، شہباز شریف

وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے پاس تھرکول دنیا میں کوئلے کے منصوبوں میں سے ایک ہے، اس کے علاوہ ملک کے 6 لاکھ مربع کلو میٹر پر معدنی ذخائر موجود ہیں، گزشتہ 75 سال میں ہم  نے اپنی قیمتی دولت پر توجہ نہیں دی۔ کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ چند سال میں کھویا ہوا مقام واپس حاصل کریں گے، باتیں بہت ہو چکی ہیں اب عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی ضرورت ہے، محنت اور لگن سے ہم اپنی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مشکل گھڑی میں قوم امید کا دامن تھامے رکھے، آرمی چیف سید عاصم منیر

آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہاکہ قوم اس مشکل گھڑی میں امید کا دامن تھامے رکھے، پاکستان جلد اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا اوراگر ہمارا یہ مشترکہ عزم رہا تو پھر آسمان کی بلندیاں ہماری حد اور اسکی وسعتیں ہماری منتظر ہوں گی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں پاکستان منرل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومتِ پاکستان نے تمام اداروں کے ساتھ مل کر اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کو یقینی بنایا ہے جو تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پراکٹھا کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp