آسٹریلیا نے آخری لمحات میں 2034 کے مینز فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی بولی جمع کروانے سے انکار کردیا جس کے بعد فیفا مینز ورلڈکپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کی راہ ہموار ہوگئی۔
فیفا کی جانب سے 31 اکتوبر 2023 ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن آسٹریلیا نے میزبانی کے لیے بولی جمع نہ کروائی جس کے بعد سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار رہ گیا ہے۔
FIFA receives declarations of interest in hosting FIFA World Cup™ editions in 2030 and 2034
▶️ https://t.co/O5fI8A7BDz pic.twitter.com/FChRhetiWa
— FIFA Media (@fifamedia) October 31, 2023
فٹبال آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے فیفا مینز ورلڈکپ2034 کی میزبانی کیلئے بولی لگانے کا سوچا تھا لیکن منگل کو ڈومیسٹک گورننگ باڈی نے فیصلہ کیا کہ2034 کے بجائے ہم 2026 ویمنز ایشین کپ اور 2029 کے کلب ورلڈ کپ کیلئے بولیاں جمع کروائیں گے۔
یاد رہے کہ 4 اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
سعودی عرب پہلی مرتبہ فیفا مینز ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔اس سے قبل سعودی عرب کو 2023 کے فیفا کلب ورلڈ کپ اور ایشیائی کپ 2027 کی بھی میزبانی مل چکی ہے۔
یہاں یہ بات بھی واضح کی جاتی ہے کہ سعودی عرب 2018 سے اب تک 50 سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے جس میں فٹبال، موٹر اسپورٹس، گولف، الیکٹرانک اسپورٹس، ٹینس اور گھڑ سواری کے ٹورنامنٹس شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہوگا جبکہ مراکش، پرتگال اور اسپین 2030 کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔