نئے نگراں وزیراعلیٰ کا تقرر، گورنر خیبرپختونخوا کا محمود خان اور اکرم درانی کو خط

ہفتہ 11 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی نے اعظم خان کے انتقال کے بعد نئے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھ دیا۔

حاجی غلام علی نے دونوں رہنماؤں کو آئین کے آرٹیکل 224(A-1) کے تحت نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کی غرض سے مشاورت کے لیے خط لکھا ہے۔

گورنر نے دونوں رہنماؤں کو اتوار 12 نومبر کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں مشاورت کی ہدایت کی ہے۔

گورنر نے اپنے خط میں دونوں رہنماؤں کو نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا مشاورتی عمل 3 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کے انتقال کے باعث پیدا ہونے والے حکومتی خلا پر قانونی ٹیم کو مشاورت کے لیے بلایا۔

گورنر حاجی غلام علی نے ایڈووکیٹ جنرل عامر جاوید سمیت دیگر قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔ اس دوران نئے نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری سے متعلق بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

قانونی مشاورتی ٹیم نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے انتقال پر نگراں صوبائی کابینہ ختم ہو گئی ہے۔

اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے کہاکہ صوبے میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتقال سے پیدا ہونے والے حکومتی خلا کو آئین و قانون کے مطابق دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بحیثیت گورنر آئین و قانون کے مطابق نئے نگران وزیراعلیٰ و نگران کابینہ کے قیام کے لیے کردار ادا کر رہا ہوں، قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت میں اہم فیصلے کر لیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اعظم خان کا آج صبح انتقال ہوا، انہیں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر جانبر نہ ہو سکے۔

محمد اعظم خان نے 21 جنوری 2023 کو نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھایا تھا، اور ساڑھے 9 ماہ تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالے رکھا۔ اعظم خان 2018 کے نگراں سیٹ اپ میں وفاق کے وزیر داخلہ بھی تھے۔

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے اچانک انتقال کے باعث صوبائی حکومت نے گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

11 سے 13 نومبر 2023 تک صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، مذکورہ مدت کے دوران خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری دفاتر، عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔ جبکہ تمام سرکاری دفاتر پیر 13 نومبر 2023 کو کھلے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp