ورلڈ کپ: بھارت لیگ میچز میں ناقابل شکست، آخری میچ میں نیدر لینڈز کو ہرا دیا

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں جاری آئی سی سی کے میگا ایونٹ کا آخری 45واں لیگ میچ بھارت نے جیت لیا ہے۔ اور یوں بھارت لیگ میچز میں کوئی میچ نہ ہارنے والی ٹیم بن گئی ہے۔

بنگلورو کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں بھارت نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دی ہے۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 410 رنز بنائے اور جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 47.5 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا، محمد سراج، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ روہت شرما اور ویرات کوہلی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

بھارت کی بیٹنگ

بھارت کے اوپننگ بلے باز شبمن گل 32 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان روہت شرما 54 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسٹار بلے باز ویرات کوہلی 56 گیندوں پر 51 رنز بنا کر وین ڈر مروی کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد آنے والے کے ایل راہول نے 102 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شریاس آئیر 128 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

یاد رہے کہ بھارت اور نیدر لینڈز کی ٹیموں نے 9،9 میچز کھیلے جن میں بھارت نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ نیدر لینڈز کی ٹیم صرف 2 میں کامیابی حاصل کر سکی۔

آج کا میچ جیتنے کے بعد بھارت بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، 14 ہی پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تیسرے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp