اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری جاری، شہادتیں 11 ہزار سے متجاوز، دوسرا بڑا اسپتال القدس بھی غیر فعال

اتوار 12 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اس وقت صورت حال سنگین ہے، زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے اسپتالوں کے پاس وسائل موجود نہیں دوسری جانب اسرائیلی فوج طبی سینٹرز پر گولہ باری بھی کر رہی ہے۔

غزہ کا دوسرا بڑا اسپتال القدس ایندھن کی عدم فراہمی کی وجہ سے غیر فعال ہو گیا ہے۔

فلسطین کے ہلال احمر نے تصدیق کی ہے کہ الشفا کے بعد غزہ کا دوسرا بڑا اسپتال القدس غیر فعال ہو گیا ہے جس کی وجہ ایندھن کا نہ ہونا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بھیانک صورت حال کے باوجود طبی عملے کی جانب سے زخمیوں کے علاج معالجے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے غزہ کے الشفا اسپتال کو ایندھن فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے انکار کر دیا۔

اِدھر فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ غزہ کے خان یونس اسپتال پر اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں 13 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ آس پاس کے مکان بھی تباہ ہو ئے ہیں۔

الشفا اسپتال کے سرجن نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے شمالی غزہ کے کئی اسپتالوں کو گھیر لیا گیا ہے، طبی عملہ اور مریض عملاً یرغمال ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے کہا ہے کہ غزہ میں کوئی جگہ ایسی نہیں ہے جہاں پر بچے محفوظ ہوں۔

ترجمان یونیسیف ٹوبی فریکر نے بتایا کہ غزہ کے الشفا اسپتال میں صورت حال انتہائی سنگین ہے اور قبل ازوقت پیدائش والے بچے زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے دنیا سے اپیل کی ہے کہ غزہ میں بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے آگے آئیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر کو فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کیے گئے ایک آپریشن کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

اس وقت پوری دنیا کی نظریں غزہ پر ہیں۔ گزشتہ روز اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس میں اسلامی ممالک نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم فوری روکے جائیں اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی برآمدات بھی روکی جائیں۔

سعودی عرب میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطین کی خود مختار ریاست کا قیام چاہتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp