سانحہ جڑانوالہ : لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیدی

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے بشپ آزاد مارشل سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے رپورٹ جاری کی ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر کمیشن نہیں بنا سکتے، عدالت سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم جاری کرے۔

سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کے صوبائی کابینہ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کی  رپورٹ پڑھنے کے بعد اسے غیر تسلی بخش پایا ہے، انہوں نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جمع کرائی گئی رپورٹ اطمینان بخش نہیں ہے۔

جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کی روشنی میں ان درخواستوں کو خارج نہیں کیا جا سکتا، اگر آپ اپنی رپورٹ کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیں تو ایسا کر سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اسی رپورٹ پر قائم ہیں تو عدالت آڈر کر دے گی۔

نگراں صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp