چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد پاکستان کا وزیراعظم جیالا ہو گا، اگر صدر زرداری کی محنت کسی دوسری جماعت کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو پھر جیالا بھی اس منصب پر پہنچ سکتا ہے۔
مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی انتخابات میں کامیابی کے لیے دائیں بائیں نہیں دیکھ رہی بلکہ عوام کی طرف دیکھ رہی ہے، 8 فروری کو بہت سی جماعتوں کو سرپرائز ملے گا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ بند کمروں میں بیٹھ کر منصوبے بنانے والوں کو پاکستان کے عوام جواب دیں گے، قوم نے 5 سال تک سلیکٹڈ راج بھگتا ہے، اب کی بار ہمیں کوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں ہو گا۔ ’8 فروری کو عوام مہنگائی لیگ کو ہرا کر تیر کو جتوائیں گے‘۔
مزید پڑھیں
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آ کر شہدا کا نامکمل مشن مکمل کرے گی، ہم روایتی سیاست کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ ابھی تو انتخابی مہم شروع ہی نہیں ہوئی اور مٹھی کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، ہمارا منشور روٹی، کپڑا اور مکان ہے۔
“پاکستان پیپلز پارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے کیونکہ شہید بینظیر بھٹو نے ہمیں برابری کی سیاست سیکھائی ہے، ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک ساتھ چلنا سیکھایا ہے ہم رنگ و نسل اور مذہب کا فرق نہیں کرتے ہیں، ہم ایک ہیں اور انشاء ﷲ ایک ہی رہیں گے۔”
چیئرمین پاکستان پیپلز… pic.twitter.com/DAq9jLXvM1
— PPP (@MediaCellPPP) November 13, 2023
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ تھرپارکر میں پیپلزپارٹی نے عوام کی تقدیر کو بدلا ہے، بینظیر بھٹو نے 90 کی دہائی میں جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر اب جا کر ہوئی اور ہماری حکومت نے کام شروع کیا جس سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم عوام کے ساتھ مل کر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کریں گے، تاریخ گواہ ہے کہ روزگار کا حق صرف پیپلزپارٹی ہی دیتی ہے، باقی جماعتیں صرف ایک مخصوص طبقے کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک کو معاشی مشکلات سے پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے۔ اقتدار میں آ کر اگلے 5 سال میں کم سے کم تنخواہ کو دُگنا کریں گے، اس کے علاوہ بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی طرز پر ہاری کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی برابری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ ہم رنگ، نسل اور مذہب کے فرق پر یقین نہیں رکھتے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو مسترد کیا ہے۔