نوشہرہ: افغانستان ساتھ جانے سے انکار پر افغان شہری نے بیوی کو قتل کر دیا، مقدمہ درج

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں افغان شہری نے پاکستانی شہریت رکھنے والی اپنی بیوی کو افغانستان ساتھ جانے سے انکار پر مبینہ طور پر قتل کر دیا ہے۔

واقعہ نوشہرہ کی تحصیل پبی میں پیش آیا جس کی ایف آئی آر تھانہ پبی پولیس نے درج کر لی ہے۔

ترجمان نوشہرہ پولیس عدنان درانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر درج ہو گئی ہے اور جلد ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

خاتون شوہر کے ساتھ افغانستان نہیں جانا چاہتی تھی، ایف آئی آر

تھانہ پبی میں درج ایف آئی آر کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والی خاتون کی 10 سال قبل آصف نامی افغان باشندے سے شادی ہوئی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ آصف قصائی کا کام کرتا تھا اور اہل خانہ کے ساتھ پبی میں رہائش پذیر تھا۔ حکومت کی جانب غیر قانونی باشندوں کو واپس جانے کے احکامات کے بعد وہ بھی واپس افغانستان جانا چاہتے تھے۔ جبکہ افغان شہری کی بیوی افغانستان جانے کے لیے رضا مند نہیں تھی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ بیوی کی جانب سے انکار پر افغانی شوہر خوش نہیں تھا اور اسی وجہ سے مبینہ طور پر بیوی کو قتل کر دیا۔

مقتولہ کے اہل خانہ کے مطابق آصف نے 3 بجے کے وقت اپنی بیوی کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کیا جب وہ سو رہی تھی۔

مبینہ قاتل بچوں کو لے کر فرار ہو گیا

پولیس ترجمان عدنان درانی کے مطابق واقعے کے بعد سے مبینہ قاتل شوہر ایک بیٹی اور 3 بیٹوں کو لے کر فرار ہو گیا اور تاحال روپوش ہے۔ جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ’افغان شوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ امید ہے جلد گرفتاری عمل میں آئے گی‘۔

پولیس نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں، خیبر پولیس کو بھی اطلاع دی گئی ہے کہ مبینہ قاتل کہیں افغانستان نہ بھاگ جائے۔ جبکہ ملزم کے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

ملزم مقتولہ کے خاندان کو دھمکی دے رہا ہے

مقتولہ کی بہن کے مطابق ان کی بہن کے شوہر آصف افغان شہری تھے جو پاکستان میں کافی عرصے سے مقیم تھے۔ جبکہ حالیہ حکومتی فیصلے کے بعد وہ واپس جانا چاہتے تھے۔

مقتولہ کی بہن کا کہنا ہے کہ قاتل اب ہمیں بھی دھمکیاں دے رہا ہے اور کیس واپس لینے کا کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کیا جائے کیونکہ وہ افغانستان بھاگ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp