کامیاب کیریئر اور ناکام محبتیں، 53 سالہ تبو آج بھی تنہا

پیر 13 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ میں کئی ایسے معروف ادکار اور اداکارائیں ہیں جنہوں نے اب تک شادی نہیں کی اور جب بھی کسی غیر شادی شدہ فلمی شخصیت کا ذکر ہوتا ہے تو سلمان خان، ابھے دیول، اکشے کھنہ، امیشا پٹیل اور سشمیتا سین جیسے ستاروں کے علاوہ تبسم فاطمہ ہاشمی عرف تبو کا نام بھی سرفہرست ہوتا ہے۔

انڈسٹری میں کئی ایسے ستارے ہیں جن کی عمر 40 سال سے زیادہ ہوچکی ہے لیکن آج تک انہیں اپنا پسندیدہ ہم سفر نہیں ملا۔ 90 کی دہائی کی ٹاپ اداکارہ تبو کا نام بھی انہی میں شامل ہے جنہیں کئی مرتبہ محبت ہوئی لیکن وہ محبت اور دھوکے کے درمیان اس قدر پھنس گئیں کہ آج تک سنگل ہیں۔

حیدرآباد دکن میں 4 نومبر 1971 کو پیدا ہونے والی تبو نے ہندی، تیلگو، تامل اور انگریزی فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کے والدین جمال ہاشمی اور رضوانہ ہاشمی ہیں جبکہ بھارتی فلم انڈسٹری کی ایک اور معروف اداکارہ فرح ناز ان کی بہن اور فلموں کی ایک اور تابناک شخصیت شبانہ اعظمی ان کی خالہ ہیں۔

تبو کی پیشہ ورانہ زندگی جتنی ہٹ رہی ہے ان کی لو لائف اتنی ہی اتار چڑھاؤ سے بھری رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تقریباً 53 برس کی ہوجانے کے باوجود انہوں نے آج تک شادی نہیں کی ہے۔

انہوں نے اداکاروں سے لے کر ہدایت کاروں تک سب ہی کو ڈیٹ کیا لیکن یہ ڈیٹنگ شادی تک نہیں پہنچ پائی۔ ان کا نام سب سے پہلے ساؤتھ کے سپر اسٹار ناگارجن کے ساتھ جوڑا گیا تھا جنہیں انہوں نے 10 سالوں تک ڈیٹ کیا لیکن وہ محبت کبھی شادی میں نہ بدل سکی۔

جب تبو ناگارجن کی محبت میں گرفتار ہوئیں تو اس وقت ناگارجن پہلے سے ہی شادی شدہ تھے او تبو کے لیے اپنی پہلی شادی توڑنے کے لیے تیار نہیں تھے جس کی وجہ سے تبو نے وہ تعلق ختم کردیا۔

تبو کا نام انیل کپور کے بھائی اور بالی ووڈ اداکار سنجے کپور کے ساتھ بھی جڑا لیکن یہ رشتہ بھی زیادہ دیر نہیں چل سکا اور جلد ہی دونوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔

اس کے بعد اداکارہ کا نام مشہور ہدایت کار ساجد ناڈیاڈوالا کے ساتھ آنے لگا لیکن کچھ سال ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد دونوں الگ ہوگئے اور پھر تبو نے تنہا ہی رہنے کا فیصلہ کرلیا۔

جہاں تک فلمی کیرئیر کا سوال ہے تو تبو نے فلموں میں پہلا قدم سنہ 1980 میں رکھا اور فلم ‘بازار’ میں ایک چھوٹا کردار نبھایا۔ بطور لیڈ اداکارہ ان کی پہلی فلم ‘پہلا پہلا پیار’ تھی۔ اس کے بعد انہوں نے بہت کامیابیاں سمیٹیں اور ایوارڈز بھی حاصل کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp