سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایات کے معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 20 نومبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے والے افراد کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کیا ہے، اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کے علاوہ جسٹس سردار طارق مسعود خان کے خلاف شکایات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں جسٹس مظاہر نقوی کے اعتراضات پر بھی غور کیا جائے گا اور انہیں جواب کا موقع دیا جائے گا۔ کونسل کی جانب سے جسٹس سردار طارق کے خلاف شکایت کنندگان کو شواہد کے ہمراہ طلب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل نے اپنے 27 اکتوبر کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری اور ان سے 14 روز میں جواب طلب کیا تھا۔
جسٹس مطاہر نقوی نے اظہار وجوہ کا جواب دینے کے بجائے 10 نومبر کو سپریم جوڈیشل کونسل میں اپنے اعتراضات جمع کروائے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ کونسل میں شامل ارکان ان کے بارے میں جانبدار ہیں، سپریم جوڈیشل کونسل نے اظہار وجوہ کے نوٹس میں بھی جانبداری کا مظاہرہ کیا جس کا جواب نہیں دیا جاسکتا۔