نوازشریف سے بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں کیا کچھ طے پایا؟

منگل 14 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق صوبے کی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں نے پاکستان مسلم لیگ ن سے انتخابی اتحاد پر آمادگی کا اظہار کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ انتخابی اتحاد میں بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، جمعیت علما اسلام، پشتونخوامیپ اور جمعیت اہلحدیث شامل ہوں گی۔ ’انتخابی اتحاد سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فارمولے پر ہو گا‘۔

سیاسی رہنماؤں نے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا کہ انتخابی اتحاد ملکی ترقی اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔ مل کر انتخابات میں حصہ لینے سے عوامی مینڈیٹ کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیاسی رہنماؤں نے کہاکہ مسلم لیگ ن سے بلوچستان سے سیاسی راہیں جہاں جدا ہوئی تھیں وہیں سے آج دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اپنے 2 روزہ سیاسی دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

نوازشریف نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں بلوچستان کی ترقی عزیز ہے، سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل کریں گے۔

قائد ن لیگ نواز شریف سے بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد مگسی، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، جان جمالی، سردار صالح بھوتانی اور منظور کاکڑ نے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، جان بلیدی، سینیٹر کبیر محمد شہی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ جبکہ پشتونخوامیپ کے نواب ایاز جوگیزئی، ڈاکٹر حامد اچکزئی، سید لیاقت آغا بھی ملاقات میں موجود تھے۔

قائد ن لیگ نوازشریف سے جمعیت کے صوبائی قائدین مولوی غلام سرور، عثمان بادینی کی بھی ملاقات ہوئی۔

نوازشریف کے ساتھ بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کے موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف، مریم نواز، پرویز رشید اور دیگر بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp