پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر جائزہ کے لیے آج لاہور میں اجلاس طلب کیا تھا۔
اجلاس میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور دیگر کوچنگ اسٹاف کو کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا جبکہ کپتان بابراعظم اور چئیرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کے درمیان بھی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم کو دورہ آسٹریلیا کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے نیا کپتان لانے کے بارے آگاہ کردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھنے کا آپشن دیا گیا تھا تاہم بابر اعظم نے تمام فارمیٹس سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران ہی بابر اعظم نے اپنے قریبی ساتھیوں سے اس حوالے سے مشاورت کی تھی جس میں انہیں اپنی بلے بازی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم ورلڈکپ کے دوران واٹس ایپ چیٹ ٹی وی اسکرین پر دکھانے کے بعد افسرہ تھے۔ انہوں نے اس حوالے سے قانونی آپشنز پر بھی غور شروع کر دیا ہے اور قانونی جارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے غیر ملکی کوچز کو بھی کام کرنے سے روک دیا ہے تاہم معاہدوں کے باعث برطرف نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچز کے بجائے دورہ آسٹریلیا میں مقامی کوچز ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔