اس بار حج گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ روپے سستا ہوگا

جمعرات 16 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی حکومت پاکستان نے حج پالیسی 2024ء کا اعلان کردیا ہے، اس بار حج گزشتہ سال کی نسبت ایک لاکھ روپے سستا ہوگا۔

حج درخواستیں اور پاکستان کا کوٹہ

نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے آج ایک پریس کانفرنس میں حج پالیسی 2024ء کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حج درخواستیں 27 نومبر سے 12 دسمبر تک وصول کی جائیں گی، پاکستان کاحج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔

کسی کو مفت حج نہیں کرایا جائے گا

نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ سرکاری اسپانسر شپ اسکیم پہلے آئیے اور پہلے پائیے کے اصول پر ہوگی اور اس میں قرعہ اندازی سے استثنیٰ ہو گا اور کسی کو مفت حج نہیں کرایا جائے گا۔

خواتین بغیر محرم حج درخواستیں دے سکتی ہیں

نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے مطابق خواتین بغیر محرم حج درخواست دے سکتی ہیں بشرطیکہ خواتین حلف نامہ جمع کرائیں کہ انہیں والدین یا شوہر کی طرف سے سفرحج کی اجازت ہے اور وہ اپنی قابل اعتماد خواتین کے گروپ کے ساتھ حج درخواست جمع کروا رہی ہیںَ۔

حج کے لیے کون اہل نہیں ہوگا؟

80 سال سے زائد عمر کے عازمین کے لیے مدد گار کا ساتھ ہونا لازم ہے۔ گزشتہ 5 حج ادا کرنے والے خواتین و حضرات اس سال درخواست دینے کے اہل نہیں ہوگے تاہم پہلی بار حج پر روانہ ہونے والی خاتون کے محرم کو استثنیٰ ہو گا۔

7 جی بی ڈیٹا والی سم کی فراہمی

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام کے دوران لازمی استعمال کے لیے 7 جی بی ڈیٹا والی موبائل سم فراہم کی جائے گی۔ حجاج کی تربیت، ٹریکنگ اور رہنمائی کے لیے لازمی موبائل اپیپلی کیشن جو آن لائن اور آف لائن یکساں مفید ہو گی۔

کراچی ایئرپورٹ سے جانے والے عازمین حج کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا جائےگا جبکہ لاہور ایئرپورٹ سے جانے والوں کے لیے بھی اس پروجیکٹ میں شمولیت متوقع ہے۔

لانگ حج پیکیج

انہوں نے کہا کہ لانگ حج پیکیج کے تحت ریگولر حج اسکیم کےاخراجات جنوبی ریجن (کراچی، کوئٹہ، سکھر) کے لیے 10 لاکھ 65 ہزار روپے، شمالی ریجن کے لیے 10 لاکھ 75 ہزار روپے، لانگ حج پیکیج کے تحت اسپانسرشپ حج اسکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لیے 3765 ڈالر اور شمالی ریجن کے لیے 3800 ڈالر ہوں گے۔ لانگ حج پیکیج مدینہ میں 8 دن کے قیام کے ساتھ 38 سے 42 دن کا ہوگا۔

شارٹ حج پیکیج

شارٹ حج پیکیج مدینہ میں 3 سے 5 دن کے قیام کے ساتھ 20 سے 25 دن کا ہوگا اور شارٹ حج پیکیج کے تحت ریگولر حج اسکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لیے 11 لاکھ 40 ہزار روپے اور شمالی ریجن کے لیے 11 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ شارٹ حج پیکیج کےتحت اسپانسرشپ حج اسکیم کے اخراجات جنوبی ریجن کے لیے 4015 ڈالر اور شمالی ریجن کے لیے 4050 ڈالر ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت مذہبی امور گزشتہ سال سے حج اخراجات کم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ سرکاری عازمین حج کے لیے مخصوص رنگت اور شناخت والی ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی۔ ان کے علاوہ دوسرے سفری بیگ یا عبایا وغیرہ قابل قبول نہ ہوں گے۔

حج اسکیموں کی تقسیم

نگراں وزیر انیق احمد نے کہا کہ سرکاری و نجی حج اسکیموں کے لیے کوٹہ کی تقسیم کا تناسب 50 فیصد ہے اور ہر ایک اسکیم کے لیے 89 ہزار 605 سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ سرکاری حج اسکیم میں اسپانسرشپ میں 25 ہزار سیٹیں مختص ہیں جبکہ پرائیویٹ اسکیم کے کل کوٹہ کا نصف 44803 اسپانسر شپ کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپانسر شپ والے عازمین 5 سالہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ہارڈ شپ کوٹہ 500 جبکہ لیبر کوٹہ 300 مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسپانسر شپ سکیم میں شمولیت کے لیے گزشتہ سال کی طرح بیرون ملک سے زرمبادلہ بھجوانا ہوگا۔ سفر حج کی روانگی کے مقامات کے لحاظ سے 448 نشستیں (سرکاری کوٹہ کا 5 فیصد) ویٹنگ لسٹ پر ہوگا۔

حجاج کی شکایات کا ازالہ کیسے ہوگا

نگراں وزیر انیق احمد نے مزید بتایا کہ حجاج کرام کو جامع تربیت اور آگاہی مہیا کی جائے گی۔ سعودی عرب میں شکایات کے فوری ازالہ کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ حل نہ ہونے والی شکایات پاکستان میں سی ڈی سی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ سی ڈی سی کے فیصلوں کے خلاف ایپلٹ کمیٹی کے پاس اپیل کی جاسکے گی۔ تکافل کی بنیاد پر حجاج محافظ اسکیم جاری رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp