ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ

جمعہ 17 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتہ کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر41.90 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 نومبر کوختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کے لیے قیمتوں کا حساس اشاریہ 308.35 پوائنٹ ریکارڈ کیا گیاہے جو گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں 9.95 فیصد زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی 13 اشیاکی قیمتوں میں کمی اور13 کی قیمتوں میں استحکام رہا جب کہ اس کے برعکس 25 اشیاکی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 16.06 فیصد، ٹماٹر11.16 فیصد، چینی 4.24 فیصد، ڈیزل 2.15 فیصد، پیاز1.49 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 1.39 فیصد، پیٹرول 0.73 فیصد، 5 کلو کوکنگ آئل 0.65 فیصد، اری سکس نائن چاول 0.42 فیصد، ڈھائی کلو بناسپتی گھی 2.5 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.27 فیصدکی کمی ہوئی۔

گیس کی قیمت میں 480 فیصد، لپٹن چائے 8.88 فیصد، چکن 3.99 فیصد، لہسن 3.09 فیصد، نمک پاوڈر2.93 فیصد، آٹا2.64 فیصد، تیار چائے 2.03 فیصد، ایل پی جی 2.03 فیصد، آلو2 فیصد اورشرٹنگ کی قیمت میں 1.10 فیصد کا اضافہ ہوا۔

سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کے لیےقیمتوں کے حساس اشاریہ میں 6.93 فیصدکااضافہ ہوا، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اوراس سے زیادہ ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 10.32 فیصد، 12.80 فیصد، 10.50 فیصد اور8.07 فیصد کااضافہ ہوا۔

صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاکی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتاہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp