لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فواد حسن فواد اور احد چیمہ کو بری کر دیا۔ بری ہونے والے دیگر ملزمان میں امتیاز حیدر، بلال قدوائی، شاہد محمود اور منیر ضیاء شامل ہیں۔
احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستیں منظور کیں، جس کے بعد شاہد شفیق، علی سجاد بھٹہ، محمد صادق بھی آشیانہ ریفرنس سے بری ہوگئے۔ احتساب عدالت ندیم ضیاء اور کامران کیانی کو پہلے ہی بری کرچکی ہے۔
مزید پڑھیں
عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وکلاء سے آج معاونت طلب کی تھی جبکہ شہباز شریف سمیت دیگر نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھیں جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ آشیانہ اقبال پروجیکٹ میں کرپشن کے الزامات غلط ہیں۔
واضح رہے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 2018 میں ریفرنس دائر ہوا تھا، شہباز شریف سمیت دیگر پر من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دیکر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔
آشیانہ اقبال ریفرنس میں نیب نے کہا تھا کہ 16 ہزار غریب شہریوں نے اس میں 61 کروڑ روپے جمع کرائے تھے، کمپنیوں کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا تھا، عدالت نے اس ریفرنس میں 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی۔
اللہ تعالی کا شکر ہے اس نے مجھے آزمائش سے سرخرو کیا، احمد چیمہ
نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے اس نے مجھے آزمائش سے سرخرو کیا، اور اللہ تعالیٰ نے مجھے استقامت دی۔
احد چیمہ نے کہا کہ یہ قدرت کا نظام ہے آج فیصلہ ضرور ہوا ہے لیکن انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے، جب ظلم کیا گیا تو سب کے سامنے تھا۔ مجھے وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا گیا۔ مگر میرے وکیل امجد پرویز نے کافی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا رویہ دیکھ کر استعفیٰ دے دیا تھا۔ ملازمت میں واپس نہیں جاؤں گا مگر عوامی خدمت جاری رکھو گا۔