سابق امریکی خاتون اول روزلین کارٹر 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق امریکی خاتون اول روزلین کارٹر، سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی اہلیہ، اتوار کو 96 سال کی عمر میں جنوبی ریاست جارجیا میں انتقال کر گئیں، روزلین کارٹر کو وائٹ ہاؤس کے بعد اپنے کام کے لیے سب سے زیادہ جانا جاتا تھا، کیونکہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے دنیا بھر میں انسانی حقوق، جمہوریت اور صحت کے لیے ہمیشہ کام کرنے کی حمایت کی۔

مئی میں ڈیمنشیا کی تشخیص کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ گھر پر ہی رہتی تھیں، لیکن اتوار کے روز جمی کارٹر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سابق خاتون اول روزلین کارٹر، جو خواتین کے حقوق کے لیے ہر وقت پرجوش رہتی تھیں، 96 سال کی عمر میں اپنے جارجیا والے گھر میں انتقال کر گئیں۔

جمی کارٹر نے بیان میں کہا کہ روزالین ہمیشہ ان کے ہر کام میں برابر کی شراکت دار رہتی تھیں، جب بھی کسی معاملے پر رہنمائی کی ضرورت پیش آتی تھی تو وہ ہمیشہ دانشمندانہ مشورہ دیتی تھیں اور میری حوصلہ افزائی کرتی تھیں۔ جب تک روزلین دنیا میں موجود تھی تو ہمیشہ یہی لگتا تھا کہ کوئی ہے جو پیار کرنے والا اور حمایت کرنے والا ہے۔

جمی کارٹر کے طویل سیاسی کیریئر کے دوران ان کی اہلیہ ان کی مہمات میں برابر کی شریک ہوا کرتی تھیں، وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کے مطابق وہ کابینہ کے اجلاسوں اور اہم بریفنگ میں شرکت کرتی تھیں، اکثر موقعوں پر چیف ایگزیکٹو کی نمائندگی کرتیں اور لاطینی امریکی ممالک میں صدر کے ذاتی سفیر کے طور پر کام کرتی تھیں۔

وائٹ ہاؤس کے دیگر افراد نے اتوار کو سابق خاتون اول کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

روزلین کارٹر 18 اگست 1927 کو چھوٹے سے قصبے پلینز میں پیدا ہوئیں۔ 13 سال کی عمر میں ان کے والد کا انتقال ہو گیا اور انہوں نے مختلف کاموں میں اپنی ماں کا ہاتھ بٹانا شروع کر دیا، جن میں کپڑے سینا شامل تھا۔

ان کی ملاقات 1945 میں جمی کارٹر سے اس وقت ہوئی جب وہ کالج میں تھیں اور جمی کارٹر اناپولس میں امریکی نیول اکیڈمی سے چھٹی پر ان کے کالج میں آئے تھے۔

انہوں نے 1946 میں شادی کی اور امریکی سیاست میں لمبی عمر کے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے جیسے کہ سب سے طویل عرصے تک شادی کرنے والا صدارتی جوڑا اور 99 سالہ جمی کارٹر جو سب سے عمر رسیدہ امریکی صدر تھے۔

سابق خاتون اول مشیل اوباما اور میلانیا ٹرمپ نے بھی کارٹر کی میراث کو خراج تحسین پیش کیا، اوباما نے بھی کہا کہ جب ہمارا خاندان وائٹ ہاؤس میں تھا، تو اکثر روزلین ہمارے ساتھ دوپہر کے کھانے میں شامل ہوتی تھی، اور ہمیشہ مدد کرتیں اور اچھے مشورے دیتی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ ہم روزلین اور جمی کارٹر کی ملک کے لیے لگن کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp