ایک کردار جو بھارت کے لیے ہمیشہ بدشگون رہا

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں بھارتیوں کی نیندیں اس وقت حرام ہوئیں جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے فائنل کے لیے آن فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹلبرو کا نام دیا۔ کیونکہ ابھی تک جتنے بھی ناک آؤٹ میچز میں رچرڈ کیٹلبرو نے امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیے بھارت کی ہار کا سبب بنے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رچرڈ کیٹلبرو آئی سی سی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچ میں امپائرنگ کریں گے۔ 2013 کی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے آخری آئی سی سی ٹائٹل کے بعد سے بھارت مختلف آئی سی سی ایونٹس میں 8 ناک آؤٹ میچوں میں شامل رہا ہے اور کیٹلبرو ان میں سے 7 میں امپائرز پینل کا حصہ تھے۔

تاہم کیٹلبرو بھارت کے 6 ناک آؤٹ میچوں میں آن فیلڈ امپائر رہ چکے ہیں، 2014 کا ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل بھارت بمقابلہ سری لنکا میں بھی کیٹلبرو آن فیلڈ امپائر تھے جس میں سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔

اسی طرح 2015 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھارت کا سامنا آسٹریلیا سے تھا جس میں آسٹریلیا نے بھارت کو 95 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں بھی آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض کیٹلبرو نے ہی سرانجام دیے تھے۔

2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھی بھارت اور پاکستان آمنے سامنے تھے، اور امپائرنگ کے فرائض رچرڈ کیٹلبرو ہی سرانجام دے رہے تھے۔ اس میچ میں پاکستان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 338 رنز کا ٹارگٹ دیا، جواب میں بھارت کی ٹیم 158 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

2019 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی بھارت اور سری لنکا مد مقابل تھے، آن فیلڈ امپائرنگ کے امور رچرڈ کیٹلبرو ہی سرانجام دے رہے تھے، اس دوران نیوزی لینڈ نے بھارت کو 239 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا جواب میں بھارت کی ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 18 رنز سے بھارت کو شکست دی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں رچرڈ کیٹلبرو ٹی وی امپائرنگ کے امور سرانجام دے رہے تھے اس دوران بھارت پہلے نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا سے ہار گیا تھا۔

واحد ناک آؤٹ میچ ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 جس میں رچرڈ کیٹلبرو امپائرنگ کے امور سرانجام نہیں دے رہے تھے لیکن اس میچ میں بھی بھارت کی قسمت نہ بدلی اور آئی سی سی سیمی فائنل ناک آؤٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا۔

ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میچ میں بھی آئی سی سی کے اناؤنس کردہ آن فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹلبرو تھے اور بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے رچرڈ کیٹلبرو اور النگورتھ دونوں بھارت کے سب زیادہ ناک آؤٹ میچز میں آن فیلڈ امپائر رہ چکے ہیں، جن جن میچز میں یہ دونوں امپائر سامنے آئے زیادہ تر میچز میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رچرڈ کیٹلبرو بھارت کے میچوں میں اتنی کثرت سے کیوں ہوتے ہیں؟

آئی سی سی کی پلیئنگ کنڈیشنز آئی سی سی ایونٹس میں نیوٹرل امپائرز کا ہونا لازمی بناتی ہیں۔ چونکہ ہندوستان اور انگلینڈ پچھلے 12 سالوں میں صرف ایک بار آئی سی سی ناک آؤٹ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئے ہیں۔ رچرڈ کیٹلبرو انگلینڈ اور آئی سی سی کے ایلیٹ پینل آفیشلز میں شمار ہوتے ہیں اوربھارت کے میچوں کے دوران سب سے زیادہ عام امپائر رہے ہیں۔

 

بڑے تجربہ کار امپائر

رچرڈ کیٹلبرو اور ایلنگ ورتھ، جنہیں نومبر 2009 میں ایک ہی دن آئی سی سی انٹرنیشنل لسٹ میں ترقی دی گئی تھی، دونوں نے اس ہفتے کے سیمی فائنل کے دوران آن فیلڈ امپائر کے طور پر کام کیا۔ ایلنگ ورتھ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی جیت کی نگرانی کی، اور کیٹلبرو نے جنوبی افریقہ کے خلاف آسٹریلیا کی سنسنی خیز جیت میں امپائرنگ کے امور سرانجام دیے۔

کیٹلبرو نے ٹورنامنٹ کے شروع میں نیدر لینڈ اور سری لنکا کے میچ کے دوران ایک امپائر کے طور پر ون ڈے کی سنچری مکمل کی۔ 2013 اور 2015 کے درمیان لگاتار 3 سالوں میں بہترین امپائر کا انعام اپنے نام کیا اور اسی طرح ایلنگ ورتھ نے 2019 اور 2022 میں اپنا نام شاندار امپائرنگ کی فہرست میں شامل کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp