پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹیم میں سینئر اور جونیئیر کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں شامل کھلاڑی
شان مسعود ( کپتان )، عامرجمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، میرحمزہ، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نعمان علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی۔
پی سی بی نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے چند جونیئر کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ ان جونیئر کھلاڑیوں میں عامر جمال، میر حمزہ، صائم ایوب اور خرم شہزاد شامل ہیں۔ یہ نئے کھلاڑی کون ہیں اور کیسے اس مقام تک پہنچے ہیں، آئیے ان تفصیلات پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
عامر جمال
27 سالہ آل راؤنڈر عامر جمال کا تعلق میانوالی کے گاؤں کلور شریف سے ہے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنیوالے اور میڈیم فاسٹ بولر عامر جمال نے یکم ستمبر 2018ء کو قائد اعظم ٹرافی 2018-19ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے کھیل کر اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیرئیر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 29 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔ عامر جمال نے 4 انٹرنیشنل ٹی20 میچز کی 3 اننگز میں 21.66 کی اوسط سے 65 رنز بنائے، ان کا سٹرائیک ریٹ 191.17 ہے۔ ان 4 میچز میں بولنگ کرتے ہوئے انہوں نے صرف ایک وکٹ حاصل کی۔ عامر جمال کو انٹرنیشنل ٹیسٹ یا ایک روزہ میچز میں ابھی تک پاکستان کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا۔
صائم ایوب
21 سالہ آل راؤنڈر صائم ایوب کا تعلق کراچی سے ہے، بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنیوالے اور رائٹ آرم میڈیم فاسٹ اور آف بریک بولر صائم ایوب نے 20 فروری 2021ء کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے پاکستان سپر لیگ 2021ء میں اپنے ٹی20 کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ صائم ایوب نےاس سیزن کی قائداعظم ٹرافی کے 4 میچز میں 3 سنچریوں کی مدد سے553 رنز بنائے جس میں فیصل آباد کے خلاف فائنل میں میچ وننگ ڈبل سنچری قابل ذکر تھی۔ انہوں نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان کپ ایک روزہ ٹورنامنٹ میں بھی سب سے زیادہ 397 رنز بنائے اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر قرار پائے۔
مزید پڑھیں
صائم ایوب نے پاکستان کی جانب سے 8 انٹرنیشنل ٹی20 میچز کھیلے۔ انہوں نے 7 اننگز میں 17.57 کی اوسط سے 123 رنز بنائے، ان کا سٹرائیک ریٹ 123 اور بہترین اسکور 49 ہے۔ صائم ایوب نے بھی ابھی تک کوئی انٹرنیشنل ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ نہیں کھیلا ہے۔
میر حمزہ
کراچی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ میر حمزہ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے میڈیم فاسٹ بولر ہیں جو اس سے قبل 3 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور انہوں نے ان میچز کی 6 اننگز میں 132 کی اوسط سے 2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ میر حمزہ نے 105 فرسٹ کلاس میچز میں 22.34 کی اوسط سے 418 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
خرم شہزاد
ٹیسٹ اسکواڈ میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ بولنگ کرنے والے 23 سالہ فاسٹ باؤلر خرم شہزاد کو بھی پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے رواں برس قائداعظم ٹرافی میں 20.31 کی اوسط سے سب سے زیادہ 36 وکٹیں حاصل کی تھی اور ایک روزہ ٹورنامنٹ پاکستان کپ میں بھی عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 13 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم اپنے دورہ آسٹریلیا کے دوران 14 دسمبر سے 7 جنوری کے درمیان میزبان ٹیم کے ساتھ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔