مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت رکوانے میں کردار ادا کریں، نگراں وزیر اعظم کی سعودی عرب اور اماراتی سفیروں سے گفتگو

پیر 20 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے علحیدہ علحیدہ ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں نگراں وزیر اعظم اور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انوار الحق کاکڑ نے غزہ میں تشدد کے خاتمے اور بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی جارحیت کو روکنے کی سفارتی کوششوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اس ماہ کے اوائل میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے غیر معمولی سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے پر سعودی قیادت کی تعریف کی۔

انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی اتفاق رائے پیدا کرنے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو بھی سراہا۔

نگراں وزیر اعظم سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

بعد ازاں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط تعلقات اور وسیع روابط اطمینان بخش ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

 ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے سفیر نے نگران وزیراعظم کو ابوظہبی میں ہونے والے سی او پی 28 اجلاس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔

اماراتی سفیر نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مذاکرات میں سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے اور متحدہ عرب امارات پرامید ہے کہ پاکستان سی او پی 28 کانفرنس کی کامیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

نگراں وزیراعظم نے اہم عالمی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کو مبارکباد دی اور ایونٹ میں پاکستان کی فعال شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

 غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر عالمی برادری پر زور دیں کہ وہ غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں تشدد اور بے گناہ شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کو بند کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp