آزادکشمیر: خشک گھاس کو آگ لگانے کا کلچر، جنگلات اور جنگلی حیات کو خطرات لاحق

بدھ 22 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں واقع مچھیارا نیشنل پارک کے نواح میں خشک گھاس میں لگنے والی آگ انسانوں کے علاوہ جنگلات اور جنگلی حیات کے لیے بڑا خطرہ بن گئی تھی۔ حکومت کی جانب سے خشک گھاس کو آگ لگانے پر پابندی کے باوجود مبینہ طور پر مقامی افراد نے خشک گھاس کو آگ لگا دی تھی جس نے وسیع رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

آزادکشمیر کے محکمہ جنگلات کے پاس آگ بجھانے کے جدید آلات نہ ہونے کی وجہ سے روایتی طریقے سے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔

ہمارے پاس آگ بجھانے کے لیے جدید آلات نہیں، اہلکار محکمہ جنگلات

محکمہ جنگلات کے اہلکار نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس آگ بجھانے کے لیے جدید آلات موجود نہیں ہیں اور ایسے میں ہمیں نقصان پہنچنے کا خطرہ موجود رہتا ہے۔

ہر سال خشک گھاس کو آگ لگائی جاتی ہے، مقامی افراد

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال گھاس خشک ہونے کے بعد یہاں آگ لگا دی جاتی ہے جس کی وجہ سے جنگلات، جنگلی حیات اور جڑی بوٹی کے نقصان کے ساتھ ماحول بھی آلودہ ہو جاتا ہے، آلودگی پھیلنے سے لوگ کھانسی اور دمے کے مرض کا شکار بھی ہوتے ہیں۔

زمینی ماحولیاتی نظام کو بچانا بہت اہم ہے، ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات شفیق عباسی

ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے ڈائریکٹر شفیق عباسی نے کہا کہ بدقسمتی سے یہاں پر ایک تاثر ہے کہ خشک گھاس کو آگ لگانے کی وجہ سے آئندہ برس اچھی گھاس اگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی جنگلات میں آگ لگتی ہے تو وہاں نئے پودے نہیں اُگ پاتے، جنگل میں خشک گھاس کو لگنے والی آگ جنگلی حیات کے رہنے کی جگہوں کو تباہ کر دیتی ہے۔ اس کے علاوہ زہریلے زرے، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور متغیر نامیاتی مرکبات پیدا ہوتے ہیں جو انسانی صحت پر برے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمینی ماحولیاتی نظام کو بچانا ہمارے لیے بہت اہم ہے، کیوں کہ یہ ہماری زندگی، اس کی نشوونما اور صحت کے لیے بہت ضروری ہے، ہمیں جنگلات میں آگ لگانے کو کنٹرول کرنا ہوگا۔

جنگلات میں آگ لگانے سے جنگلی حیات کو نقصان پہنچتا ہے، ڈاکٹر نعیم

جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ڈاکٹر نعیم کا کہنا ہے جنگلات میں آگ لگانے سے جنگلی حیات کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔ آگ لگنے سے جنگلی حیات کی زندگی ختم ہو جاتی ہے یا وہ نقل مکانی کر جاتے ہیں۔ ان دونوں صورتوں میں بہت نقصان ہوتا ہے کیوں کہ یہ ساری جنگلی حیات ماحولیاتی نظام کو چلاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں گھاس کو آگ لگائی گئی ہے وہاں نایاب پرندے بھی پائے جاتے ہیں۔ ماحولیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی آگ سے ماحول پر تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp