کیا بلاول بھٹو والد سے ناراض ہو کر دبئی چلے گئے؟

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اچانک نجی طیارے سے کراچی سے دبئی چلے گئے جبکہ اس حوالے سے  پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے پر کسی کو آگاہ کیے بغیر روانہ ہوئے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے بلاول بھٹو کا یہ بیان گردش کر رہا تھا کہ پرانی سیاست سے جان چھڑا کر نئی سیاست لانا ہوگی اور بزرگ سیاستدانوں نے ہر معاملے پر انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے۔ ابھی اس بیان کے چرچے ہو ہی رہے تھے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی پر ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے بلاول بھٹو کی تعریف تو کی لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ ابھی ان کی سیاسی تربیت مکمل نہیں ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں آصف زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کا اختیار ان کے پاس ہے نہ کہ بلاول بھٹو کے پاس۔

اس حوالے سے جب پیپلز پارٹی عہدیداروں سے دریافت کرنے کی کوشش کی گئی تو نام نہ بتانے کی شرط پر ایک رہنما نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نجی دورے پر دبئی روانہ ہوئے ہیں جبکہ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نجی دورے پر دبئی گئے ہیں۔ بلاول بھٹو جمعرات کی رات سوا 7 بجے  اسپیشل فلائٹ سےدبئی کے لیے روانہ ہوئے۔

یہ دورہ اتنا اچانک تھا اور ایسے وقت میں ہوا کہ اس پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔ کچھ  ذرائع سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ کئی روز سے چلنے والے معاملات پر مایوس ہیں۔

یاد رہے کہ اپنے ایک حالیہ بیان میں بھٹو نے کہا تھا کہ ’میری 30 اور 70 سال سے سیاست کرنے والے اپنے بزرگوں اور سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ آپ اپنی تاریخ اور جدوجہد کو ایک الیکشن کے لیے ضائع نہ کریں، آپ اپنے منشور اور سوچ پر الیکشن لڑیں نہ کہ انتظامیہ کے زور پر‘۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو الیکشن کیمپین میں بھر پور حصہ لینا چاہ رہے ہیں اور پیپلز پارٹی کو کامیابی دلانے کے خواہاں ہیں جبکہ آصف علی زرداری کی نظریں ایک بار پھر صدارت پر مرکوز ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ٹی وی پر دیا گیا انٹرویو بھی  اس صورت حال کا باعث بنا جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شرجیل میمن بلاول بھٹو کو منانے دبئی گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp