امریکا میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج کرنے والی خاتون پر پولیس کا تشدد

جمعہ 24 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امریکا میں صدر جو بائیڈن کے شاہراہ سے گزرنے والے قافلے کے دوران ایک خاتون کو اسرائیلی افواج کے ہاتھوں فلسطینی بچوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر وائر ہونے والی اس ویڈیو میں دکھا جا سکتا ہے کہ امریکا کی پولیس ایک ایسی خاتون کو گرفتار کرتے ہوئے زمین پر گرا کر لاتوں اور مکوں سے تشدد کا نشانہ بھی بنا رہی ہے،جس کے ہاتھ میں مائیک ہے اور وہ بائیکاٹ، بائیکاٹ کا اعلان کر رہی ہے اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگا رہی ہے، جب کہ سڑک کے کنارے کچھ لوگ اسرائیلی جھنڈے لیے کھڑے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائر اس ویڈیو کے بارے میں بعض صارفین کا دعویٰ ہے کہ اس ویڈیو کا فلسطین اسرائیل تنازعے سے کوئی تعلق نہیں، یہ ویڈیو 2022 کی ہے جب جو بائیڈن کے قافلے کے گزرنے کے دوران اس خاتون کو احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

ادھر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کو اس وقت گرفتار کیا جا رہا ہے جب وہ مین شاہراہ پر سے گزرنے والے امریکی صدر جو بائیڈن کے قافلے کے سامنے اچانک آ گئی اور ہینڈ مائیک میں اعلان کرنے لگتی ہے کہ فلسطین میں بچوں کا قتل عام بند کیا جائے، قافلے کا بائیکاٹ کیا جائے۔

ویڈیو میں خاتون کو سنا جا سکتا ہے جو کہہ رہی ہے کہ فلسطین میں ظلم کرنے والوں کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اسی اعلان کے دوران ایک پولیس آفیسر دوڑتا ہوا آتا ہے اور خاتون کو زمین پر گرا دیتا ہے۔

پولیس آفیسر کو ویڈیو میں خاتون پر تشدد کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے، جو خاتون کو دبوچ کر زمین پر گرا دیتا ہے اور پھر اس کے چہرے پر تھپڑ اور مکے رسید کر رہا ہے، جب کہ خاتون اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک اور پولیس آفیسر اسے ہتھکڑی پہنا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین اس ویڈیو کو مختلف کیپشنز کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں اور لکھ رہے ہیں کہ انسانی حقوق کا چیمپیئن ہونے کا دعویدار امریکا یہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’ عورتوں کے حقوق کے سب سے بڑے چیمپیئن جو بائیڈن کے قافلے کے سامنے جب اس بہادر خاتون نے غزہ کے بچوں کا غم سنانے کی کوشش کی تو پولیس اہلکار بھوکے بھیڑیوں کی طرح اس پر جھپٹ پڑے اور زمین پہ لٹا کر لاتوں مکوں کا نشانہ بنایا۔

ایک اور صارف نے عربی میں لکھا کہ دیکھیں ایک امریکی خاتون نے امریکی صدر جو بائیڈن کے قافلے کو روکا اور پولیس نے اسے زمین پر پٹخ دیا۔ سلام اور خراج تحسین ان تمام ہیروز کو جو فلسطین اور غزہ کے لیے سخت جدوجہد کرتے ہیں اور آواز بلند کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp