معروف اداکارہ اور ٹی وی ہوسٹ ندا یاسر اور وقار ذکا ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے ہیں، دونوں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔
ندا یاسر کا شمار پاکستان میں مارننگ شو ز کے بہترین میزبانوں میں ہوتا ہے وہ اپنے 15 سالہ کیریئر میں بے شمار تنازعات میں بھی گری رہی ہیں۔ وہ حال ہی میں تابش ہاشمی کی فلم ’ہنسنا منع ہے‘ ، کے ایک مارننگ شو میں بطور مہمان شریک تھیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور کام سے متعلق مختلف واقعات شیئر کیے ہیں۔
ندا یاسر نے انکشاف کیا کہ وہ وقار ذکا کو اپنے شو میں کبھی مدعو نہیں کریں گی کیونکہ انہوں نے ان کے کیریئر کو سبوتاژ کرنے اور انہیں نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ سے نکلوانے کی بھرپور کوشش کی۔
دوسری جانب وقار ذکا کا بھی شمار مشہور ٹی وی ہوسٹ میں ہوتا ہے وہ بھی بے شمار تنازعات اور الزامات میں گھرے رہے ہیں۔ وہ اب شوبز کی دُنیا سے کنارہ کشی اختیار کر کے امریکا میں منتقل ہو گئے ہیں۔
وقار ذکا ایک عرصے سے پاکستان میں ہونے والے شوبز کے واقعات کے بارے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور ان میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے ہیں، لیکن انہوں نے ندا یاسر کے الزامات کا جواب دینے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے ان کے اور ندا یاسر کے درمیان سارے تنازع کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
وقار ذکا نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ چند سال قبل ندا یاسر نے اپنے ’مارننگ شو‘ میں کراچی کی ایک معصوم بچی ماروا جسے زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، کے والدین کو مدعو کیا تھا۔ وقار ذکا نے دعویٰ کیا کہ ندا یاسر نے اپنے ’شو‘ کی ریٹنگ بڑھانے اور والدین کو رلانے کے لیے ان کی تذلیل کی اور بچی کے والدین اس تذلیل پر شو میں رونے لگے تھے۔
وقار ذکا کا کہنا ہے کہ متاثرہ والدین کی تذلیل اور ان کو رلانے پر جب لوگوں نے ندا یاسر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا تو انہوں نے اس کی تردید کرنا شروع کر دی کہ دراصل بچی کے والدین نے خود ان کے مارننگ شو میں آنے کی درخواست کی تھی نا کہ انہیں پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے شو میں بلایا گیا تھا۔
وقار ذکا نے ایک وی لاگ صحافی کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں صحافی نے زیادتی کا شکار بچی کے والدین کا انٹرویو کیا جس میں وہ انکار کر رہے ہیں کہ انہوں نے مارننگ شو میں جانے کے لیے خود ندا یاسرسے رابطہ نہیں کیا بل کہ ٹی وی والوں نے خود ان سے رابطہ کیا۔
وقار ذکا نے اپنی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ صارفین ندا یاسر کی شکایت پیمرا کو کریں اور چینل مالکان سے کہیں کہ وہ انہیں (ندا یاسر کا پروگرام) آف ایئر کریں۔
Nida Yasir, ARY MORNING SHOW, accurate & complete story? pic.twitter.com/9xc5mlrqVK
— Waqar Zaka (@ZakaWaqar) November 25, 2023
وقار ذکا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اے آر وائی سے ندا یاسر کے پروگرام کو ختم کرنے یا انہیں ادارے سے نکالنے کے لیے کوئی بات نہیں کی بل کہ ان کا مؤقف ہے کہ سب کے لیے ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب آپ کو نئے آنے والے لوگوں کو موقع دینا چاہیے اور یہ ایسی بات نہیں ہے جو ندا سمجھ نہ سکے۔