نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آج کویت کے 2 روزہ دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ کویت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور دو طرفہ تعاون اور سرمایہ کاری سے متعلق اربوں ڈالر کے مختلف معاہدوں پر دستخط کریں گے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ ان دنوں مشرق وسطیٰ کے ممالک کے دوروں پر ہیں۔ وہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط کیے۔ 30 نومبر کو کویت کا دورہ اختتام پذیر ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 28 میں شرکت کے لیے دبئی جائیں گے۔
مزید پڑھیں
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اپنے کویت دورے کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح اور ریاست کویت کے وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس دورے میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات کی تلاش اور غذائی تحفظ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی تھی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے جن میں توانائی، پورٹ آپریشن کے منصوبے، آلودہ پانی کی صفائی، غذائی تحفظ، لاجسٹکس، کان کنی، ہوا بازی اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبے شامل ہیں۔