سندھ: یو اے ای کے تعاون سے سیلاب متاثرین کے لیے ہاؤسنگ اسکیم اور اسپتال کا افتتاح

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے لاڑکانہ میں جدید طرز کے اسپتال اور دادو میں سیلاب متاثرین کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا۔

ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کیا۔ ان کے ہمراہ ہلال احمر یو اے ای کے جنرل سیکریٹری راشد مبارک المنصوری اوردیگر بھی لوگ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ہلال احمر یو اے ای کے جنرل سیکریٹری راشد مبارک المنصوری نے کہاکہ اسپتال کی او پی ڈی بلڈنگ کو جدید طرز پر بنایا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے لیے ہاسٹل کی عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسپتال میں مریضوں کا بہترین علاج بلا معاوضہ کیا جائےگا۔ جبکہ سندھ کے سیلاب متاثرین چھت سے محروم ہیں ان کو چھت مہیا کرنا یو اے ای حکومت اپنا فرض سمجھتی ہے۔

راشد مبارک المنصوری نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو گھر ملنا ان کا حق ہے جو وہ سیلاب میں کھو چکے تھے، ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سیلاب متاثرین ایک بہتر طرز زندگی گزار سکیں گے۔ ہاؤسنگ اسکیم سے متاثرین کی بحالی میں آسانی پیدا ہوپائے گی۔

اس موقع پر قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے صحت کے سیکٹر میں اسپتال کے قیام کا وعدہ پورا کردیا۔

انہوں نے کہاکہ ہلال احمر پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے علاوہ رمضان میں راشن تقسیم کرنے میں پیش پیش رہتا ہے، ہلال احمر چاہتا ہے پاکستان میں صحت کا نظام بین الاقوامی سطح کی طرح ہو۔

انہوں نے کہاکہ یو اے ای کی حکومت کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے ہاؤسنگ اسکیم ایک اور تحفہ ہے، متحدہ عرب امارات حکومت پاکستانی عوام کی ہر مشکل سے واقف ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp