پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس نے پہلی بار 60 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی ہے، ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت متحدہ عرب امارات سے ہونے والے معاہدے کی مرہون منت ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیکنیکل ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جو ایف بی آر کے ساتھ ٹیکس اصلاحات پر گفت و شنید کرے گی، پاکستانی حکام 60 لاکھ شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے خواہاں ہیں۔
معاشی ماہر شہریار بٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، اور اسی سلسلے میں نگراں وزیراعظم متحدہ عرب امارت میں موجود ہیں، جہاں توانائی، پورٹس اینڈ شپنگ، واٹر پلانٹ، فوڈ، سیکیورٹی اور مائننگ جیسے شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔
’ان معاہدوں سے پاکستان میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوگی اور کرنسی میں بھی بہتری ہو سکتی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پر عمل در آمد جلد از جلد ہو کیوں کہ ابھی تک ان معاہدوں میں عملدرآمد کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔‘
معاشی ماہر محسن مسیڈیا نے بتایا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث امید ہے کہ یکم دسمبر سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کافی حد تک نیچے آجائیں گی، دوسری ایک اور اہم بات یہ ہے کہ تیل کی تجارت کے حوالے سے روسی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
مزید پڑھیں
’اکتوبر میں اس سلسلے میں روسی کمپنی سے ہونے والے معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا روس سے اگر پاکستان مسلسل تیل لیتا ہے تو پاکستان کو 60 ڈالر فی بیرل سستا تیل ملنے کی امید ہے جس کا براہ راست مثبت اثر ملکی معیشت کے ساتھ عام آدمی پر بھی پڑےگا۔‘
معاشی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان سے کمپنیوں کی جانب سے منافع واپس اپنی پیرنٹ ملکوں میں واپس لے جانے میں 7 گنا اضافہ ہو چکا ہے، ان کے مطابق منافع کی مد میں 485 ملین ڈالرز یہاں سے واپس جا چکے ہیں، جس کے باعث روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ہمارے ذخائر گر کر 7.1 بلین ڈالرز تک آگئے ہیں۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرنسی پر اس سال بہت زیادہ دباؤ آئے گا گزشتہ سال پاکستانی کرنسی کی کارکردگی دنیا میں بدترین کرنسیوں میں سے ایک رہی تھی، رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرنسی اس سال ڈالر کے مقابلے میں 350 روپے تک جا سکتی ہے، جس کی بڑی وجہ اس سال پاکستان پر واجب بیرونی ادائیگیاں ہیں۔
شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ اس وقت بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے اور بلند ترین سطح پر ٹریڈ ہو رہی ہے، اس کی وجہ یہ ہے بیرونی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں اور یہی تسلسل رہا تو مارکیٹ اپنی اچھی کارکردگی دکھاتی رہے گی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا جب 100 انڈیکس کاروبار کے دوران 737 پوائنٹس کے اضافے سے 60 ہزار 548 پرآگیا، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 59 ہزار 811 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔