عماد وسیم اور محمد عامر نے ٹیم کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی، محمد حفیظ

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں کھلاڑی بہترین نتائج دیں گے اور اس کے لیے بے تاب ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دینے والوں کو آگے لے کر آنا اچھی چیز ہے، خرم شہزاد ٹیم میں ایک اچھا اضافہ ہیں، میں خوش ہوں کہ حقدار کو حق ملا۔

ڈائریکٹر قومی ٹیم نے کہاکہ ٹیم ڈائریکٹر کا کام پلان بنانا اور اسپورٹ اسٹاف نے اس پر عمل کرنا ہوتا ہے، میری پہلی ترجیح ہے کہ پی سی بی میں لوکل اسٹاف کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ذمہ داریاں دینے پر ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کا دورہ سب کے لیے بہت چیلنجنگ ہے، ہم وہاں اچھی پرفارمنس اور جیت کے لیے جا رہے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کا ہر کھلاڑی آگے بڑھنا چاہتا ہے اور اس کے لیے محنت کر رہا ہے جو اچھی بات ہے۔

محمد حفیظ نے کہاکہ بابر اعظم شاندار کھلاڑی ہیں، کھلاڑی کو جو رول ملتا ہے وہ اس کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہے، سابق کپتان کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے بڑی خدمات ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی کا انتخاب درست فیصلہ ہے، یہ دونوں بہترین کرکٹر ہیں۔

ٹیم ڈائریکٹر نے کہاکہ عماد وسیم اور محمد عامر سے رابطہ کیا تھا مگر عماد نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی جبکہ محمد عامر بھی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر قائم ہیں اور قومی کرکٹ کے بجائے لیگز کھیلنے کو ترجیح دی ہے۔

ڈائریکٹر قومی ٹیم نے کہاکہ ہم مل بیٹھ کر این او سی کی پالیسی بنا رہے ہیں کیوں کہ سب سے پہلے پاکستان ہی ترجیح ہونی چاہیے، سینٹرل کنٹریکٹ پلیئرز کو یہ سوچنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ احمد شہزاد سمیت سب ہمارے ذہن میں ہیں اس لیے اپنی باری کا انتظار کریں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار نہیں ہوں، اب مستقبل میں ہم جو کرنے جا رہے ہیں اس کے نتائج نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کے باعث پی سی بی بی میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر بنایا گیا ہے، اس سے قبل مکی آرتھر یہ ذمہ داری نبھا رہے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp