عمران خان انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے عارضی طور پر دستبردار، انتخابات 2 دسمبر کو ہوں گے، علی ظفر

بدھ 29 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عمران خان پاکستان توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے تک پی ٹی آئی کی چیئرمین شپ سے دستبردار ہو گئے، بیرسٹر گوہر کو پارٹی کا نگراں چیئرمین نامزد کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان عارضی طور پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کے عہدے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

بیرسٹر علی طفر نے بتایا کہ عمران خان نے پارٹی کی سینئر قیادت کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے کہ انٹرپارٹی الیکشن کا بہانہ بنا کر تحریک انصاف کو بلے کے انتخابی نشان سے محروم کردیا جائے یا امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے جائیں یا پھرتحریک انصاف کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دیا جائے، اس لیے پارٹی کے الیکشن کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان کے ساتھ ہیں، جب الیکشن ہوں گے تو اس میں تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ ’میں تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لوں گا، انٹراپارٹی الیکشن میرے لیے کوئی حیثیت نہیں رکھتا، خواہش ہے کہ توشہ خانہ کیس کی جلد از جلد سماعت ہو، فی الحال پارٹی کے انٹراپارٹی الیکشن کروائے جائیں، توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آںے کے بعد میں پارٹی کے چیئرمین کا الیکشن دوبارہ لڑ لوں گا۔‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام پارٹی کی سینئر لیڈرشپ کے سامنے رکھا گیا جس پر پارٹی لیڈرشپ نے اتفاق کیا ہے، 2 دسمبر بروز ہفتہ تحریک انصاف کے انٹرپارٹی الیکشن ہوں گے، قد آور شخصیات تحریک انصاف کے مستقل عہدے سنبھالے ہوئے ہیں، عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو پارٹی کا نگراں چیئرمین بنانے کو کہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے بغیر تحریک انصاف کچھ بھی نہیں ہے، کاغذ پہ اگر آپ چیئرمین ہوں یا نہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ تحریک انصاف کے مستقل لیڈر عمران خان ہی ہیں، قانون کے تقاضے پورے کرنے کے لیے بیرسٹر گوہر کو عارضی چیئرمین بنایا جا رہا ہے۔‘

بیرسٹر گوہرخان عمران خان کے شکرگزار

اس موقع پر گفتگو میں بیرسٹر گوہر خان نے کہا’عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے اس پر میں ان کا شکرگزار ہوں، میں عمران خان کے جانشین کی حیثیت سے کام کروں گا، پی ٹی آئی وہی ہے جو عمران خان کی ہے، عمران جیل کے اندر ہوں یا باہر، پی ٹی آئی کے لیڈر وہی ہیں اور وہ تاحیات لیڈر اور چیئرمین ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت تک تحریک انصاف کے چیئرمین کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جب تک عمران خان یہ عہدہ واپس سنبھال نہیں لیتے، اور وہ دن دور نہیں جب عمران خان واپس آئیں گے۔

نہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا نظریہ اور کام وہی ہے جو عمران خان کا ہے۔ وہی ہمارا اول و آخر ہے جو عمران خان کا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp