چلاس دہشتگردی واقعہ میں بھارت کا ہاتھ ہو سکتا ہے، وزیر داخلہ گلگت بلتستان

ہفتہ 2 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے چلاس میں بس پر فائرنگ کے واقعہ کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پیچھے دشمن ملک بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شاہراہ قراقرم پر دہشت گردی کے واقعہ میں 8 مسافر جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کا اسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع کی طرف روانہ کی گئی ہے۔ اور گلگت شہر سمیت تمام اضلاع کی سیکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کا علاج مفت ہو گا۔

واضح رہے گلگت بلتستان کے دیامر ڈویژن میں چلاس سے متصل علاقے ہڈور پڑی کے سامنے شاہراہِ قراقرم پر نامعلوم افراد نے مسافر بس پر فائرنگ کر دی ہے جس کے باعث 8 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو ریجنل ہیڈکوارٹر اسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا ہے۔

دہشتگرد عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا، شمس لون

دریں اثنا وزیر داخلہ شمس لون نے معاونین خصوصی ایمان شاہ اور ذبیح اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چلاس میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعہ میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں بدامنی پھیلانے میں روایتی دشمن بھارت کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے تاہم دعویٰ کرنا قبل از وقت ہے۔ گلگت بلتستان میں بدامنی پھیلانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ واقعہ پہاڑوں پر سے گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا ہے، ڈرائیور نے گاڑی کو نکالنے کی کوشش کی لیکن سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکر ہو گئی۔

یہ واقعہ فرقہ ورانہ نہیں

شمس لون و دیگر نے کہاکہ واقعہ کسی بھی صورت فرقہ ورانہ نہیں ہے کیونکہ اس میں تمام مکاتب فکر کے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور غذر سے اہلسنت کے ایک نامور عالم دین بھی شامل ہیں۔ اس طرح کی دہشتگردی کو حکومت اور عوام نے پہلے بھی مسترد کردیا ہے اور اب بھی مسترد کریں گے۔

انہوں نے اپیل کی کہ اہلیان گلگت بلتستان سوشل میڈیا پر اس واقعہ کی بھرپور مذمت کریں لیکن خدارا کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے مسائل بڑھ جائیں۔

شمس لون نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ زخمیوں کا تمام علاج حکومت اپنے اخراجات سے کرائے گی خواہ بیرون ممالک بھی لے جانے کی ضرورت کیوں نا پیش آ جائے۔

شمس لون نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حکومت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کی سربراہی میں تمام ذمہ داروں کو چلاس روانہ کردیا ہے جہاں پر وہ بیٹھ کر باقاعدہ سیل بنائیں گے اور اس واقعہ پر مکمل رپورٹ پیش کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد گلگت بلتستان کے تمام اضلاع خصوصاً گلگت شہر میں سیکیورٹی بڑھائی دی گئی ہے اور جگہ جگہ ناکے لگائے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp