سوشل میڈیا صارفین کے لیے بڑی خبر۔ میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ جلد ایک اہم اور منفرد فیچر متعارف کرانے جارہا ہے۔ اگر آپ بھی واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو اسٹیٹس کے نام سے ضرور ہی واقف ہوں گے۔ کسی بھی خوشی کا لمحہ ہو صارفین اس لمحے کو اپنے دوستوں، رشتے داروں کے ساتھ بھی بذریعہ اسٹیٹس شیئر کرنا پسند کرتے ہیں۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب خوشیاں بانٹنے کا یہ سلسلہ صرف واٹس ایپ تک ہی محدود نہیں رہے گا، کیونکہ واٹس ایپ اپنے صارفین کو جلد ہی اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے لیے ’کراس پلیٹ فارم‘ شیئرنگ کی اجازت دینے جا رہا ہے۔ میٹا کی زیرِملکیت دیگر پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی واٹس ایپ اسٹیٹس کو بیک وقت شیئر کرنا ممکن ہوگا۔
مزید پڑھیں
رپورٹ کے مطابق اس منفرد فیچر کے استعمال سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ مختلف پلیٹ فارمز پر انفرادی پوسٹس بنائے بغیر ایک ساتھ متعدد پلیٹ فارمز پر ایک جیسا اسٹیٹس پوسٹ کرنے کی اجازت مل جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر ’اختیاری‘ ہوگا، جس سے صارفین کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ انتخاب کریں کہ کون سا مواد پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ یہ فیچر ابھی ٹیسٹنگ کے مراحل میں ہے جسے جلد ہی صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔