ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ : روپے نے ہاتھ کھڑے کر دیے

جمعرات 2 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈالر کی اڑان جمعرات کوایک بار پھر بے قابو نظر آئی کیوں کہ انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ایک امریکی ڈالر 18 روپے اضافے کے بعد 285 روپے کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

آج صبح کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر میں ایک روپے 89 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعدایک ڈالر 268 روپے کا ہوگیا لیکن ڈالرکی اڑان یہی نہیں رکی بلکہ کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہا اور وہ مزید مہنگا ہوکر 285 روپے کا ہوگیا۔

واضح رہے کہ بدھ کو بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر 4.61 پیسے مہنگا ہوکر 266.11 روپے پر بند ہواتھا۔

ڈالر کی قدر بڑھی تو صارفین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا رخ کیا اور دلچسپ تبصروں اور تجزیوں کے ساتھ ساتھ میمز کی بھر مار کردی۔

جہاں صارفین ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال سے پریشان دکھائی دیے وہیں کچھ صارفین کی رگ ظرافت بھی پھڑک اٹھی۔ ڈالر کےریٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف شاہ بی نے ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک شخص سمندر کے پانی کو کیل کی مدد سے روکنے کی کوشش کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔ اس کے کیپشن میں صارف نے لکھا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو روکنے کی کوشش کرنے والے اسحاق ڈار کی ایک نایاب تصویر۔

ڈالر کی قدر بڑھنے پر سوشل میڈیا صارفین کے طنز و مزاح کا لیول بھی بڑھ گیا۔ اسی حوالے سے ایک اور صارف اویس علی خان نے قائد اعظم کی ایک تصویر شیئر جس میں وہ خاصے حیران نظر آرہے ہیں۔ صارف نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ اچانک بڑے پیمانے پر اضافے کے بعد سب کا ردعمل۔

گفتگو مزید آگے بڑھی تو ایک صارف نے ڈالر کی قیمت کو دیکھتے ہوئے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہتی ہیں آپ روئیں، پیٹیں اور چیخیں۔۔۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ پرانے پاکستان میں خوش آمدید

ٹوئٹر پر ایک صارف نے وزیرِاعظم شہباز شریف کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ روپے نے ڈالر کے سامنے ہاتھ کھڑے کردیے۔

اس سے قبل صرف فروری کے مہینے میں ڈالر کی قیمت متعدد بار بڑھی اور کم ہوئی۔

یکم فروری 2023 کو ڈالر کی قیمت 268.83 روپے تھی جو 7 فروری تک 276.28 روپے تک پہنچ گئی۔ اس کے بعد 8 فروری کو ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی اور ڈالر 273.33 پر آگیا اور اس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہا جو 28 فروری کو 261.50 کی سطح پر پہنچ گیا۔

جبکہ گزشتہ روز یکم مارچ 2023 کو ڈالر 266 روپے 11 پیسے پر بند ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp