سابق پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ لائن اپ اچھی ہے، ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف اچھا کھیلنا چاہتے ہیں، آسٹریلیا کی شکست اپ سیٹ نہیں ہوگی۔
کینبرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کینبرا میں آج موسم اچھا ہے، 4 روزہ میچ ہمارے لیے اہمیت رکھتا ہے، ہماری کوشش ہے کہ پریکٹس میچ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔
آسٹریلیا کو ہرانے کے ضمن میں جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ اس ٹورمیں کوئی اپ سیٹ کا موقع دیکھ رہے، تو سابق پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ یہ اپ سیٹ نہیں ہوگا۔ ’اگر آپ ہماری ٹیم کی بات کرتے ہیں تو بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ہماری بہت سیٹلڈ ٹیم ہے، ہم ورلڈ ٹاپ کوالٹی ٹیم کیخلاف اچھا کھیلنا چاہتے ہیں۔‘
سرفرازاحمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ٹور میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کی ٹیم میں کمی اپنی جگہ مگر پاکستان کے پاس اچھے بولرز موجود ہیں، جو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
’ہمارا ٹیم گول یہی ہے کہ یہاں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے اور سیریز جیتنا ہے، جب آپ کرکٹ کھیلتے ہیں تو ہر رول کے لیے تیار ہوتے ہیں، مجھے اور رضوان کو ٹیم مینجمنٹ جو بھی رول دے گی اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔‘
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شان مسعود ابھی تک ٹیم کو بہت اچھا لے کر چل رہے ہیں اور ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے ساتھ ان کی اچھی بونڈنگ ہے، کیمپ میں دیکھا ہے کہ ٹیم پلان میں بابر شان کے ساتھ ہوتے ہیں، جو اچھا سائن ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم ہمیشہ سخت جان ہونے کا مظاہرہ کرتی آئی ہے، یہی وجہ کہ آسٹریلین ٹور ہمیشہ چیلنجنگ ہوتا ہے، ہماری بیٹنگ اور فاسٹ بولنگ لائن اپ اچھی ہے۔
’ہمیں میدان میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، ڈیوڈ وارنر کے لیے نیک خواہشات ہیں ، کوشش کریں گے ان کو اچھا اسٹارٹ نہ لینے دیں اور انہیں آؤٹ کریں۔‘