’بٹوے سے جوابی لڑائی لڑیں، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے مہم شروع کردی

منگل 5 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے فلسطینی عوام کی حمایت میں پاکستانی شہریوں کو انٹرنیشنل برانڈز اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔

پاکستانی فیشن ڈیزائنر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’جیسا کہ دنیا دیکھ رہی ہے، ہمارے بچوں کو غزہ میں ٹکڑے ٹکڑے کیا جا رہا ہے، ہم دنیا کے لوگ بے بس نہیں ہیں۔ ہم جو خریدتے ہیں اس پر ہمارا کنٹرول ہے، انٹرنیشنل برانڈز کا بائیکاٹ کر کے انہیں نقصان پہنچائیں۔‘

ماریہ بی نے کہا کہ ’امت مسلمہ کے ہمارے کٹھ پتلی رہنما ہمیں مایوس کر رہے ہیں، فلسطین میں ہمارے خاندانوں کو مایوس نہ ہونے دیں، اپنے بٹوے کے ساتھ لڑائی کا جواب دیں، مقامی برانڈ خریدیں، مقامی کاروبار کو سپورٹ کریں، زندگی بھر کے لیے بائیکاٹ فلسطین کے لیے لڑنے کا میرا طریقہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم پاکستانیوں کا فرض بنتا ہے کہ اسرائیل کا بائیکاٹ کریں، ہم میکڈونلڈ کا بائیکاٹ کریں، پیپسی کا بائیکاٹ کریں، کے ایف سی کا بائیکاٹ کریں، جو ہماری فلسطینی بہن بھائیوں کی قتل و غارت میں شامل ہیں، ان سب کا بائیکاٹ کریں۔‘

ماریہ بی نے کہا کہ ’اسرائیلی غزہ میں ہمارے بچوں کا کھانا اور پینا ختم کر رہے ہیں، اسرائیل غزہ میں بچوں اور اسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے، یہ نسل کشی ہے، ہم سب کی آنکھیں کھل چکی ہیں، اسرائیل کی بنی سب چیزیں پھینک دیں، ہم لوکل چیزیں خریدیں گے، ہم گورمے کولا خریدیں گے، ہم پاکولا خریدیں گے، ہم سارے اسرائیلی برانڈز کا بائیکاٹ کریں گے۔‘

ماریہ بی نے ایک حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’رسولﷺ نے فرمایا ہے کہ ’میری امت ایک جسم کی طرح ہے، کہیں چوٹ لگے تو پورے جسم میں درد ہوتا ہے، ہمارے فلسطینی بھائی مسجد اقصی (قبلہ اول) کے رکھوالے ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان کے لیے آواز اٹھائیں۔‘

فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے اس سے قبل سوشل میڈیا ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’اگر آپ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو انٹرنیشنل فاسٹ فوڈ برانڈ کا بائیکاٹ کریں، یہ برانڈ اسرائیل کی مدد کرتے ہیں تاکہ وہ فلسطینیوں کی نسل کشی کر سکے، میں نے پاکستانی برانڈ ٹرائی کیا جن کے برگر اتنے مزے کے تھے، یہ کوالٹی کے اعتبار سے بھی انٹرنیشنل برانڈ سے بہت بہتر ہے۔‘

انہوں نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستانی پراڈکٹس کو سپورٹ کریں، اس سے ہماری ملکی معیشت بھی بہتر ہوگی اور یہ کمپنیاں جو ہمارے دشمنوں کی مدد کرتی ہیں، ان کو بھی پتہ چلے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp