فلم ’اینیمل‘ دیکھ کر بوبی دیول کی والدہ نے ان سے کیا کہا؟

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکار بوبی دیول ہی نہیں 2023 پورے دیول خاندان کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا ہے۔ جولائی میں ان کے والد صاحب دھرمیندر کی فلم ’روکی اور رانی‘ ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں نہ صرف ان کی اداکاری کی بہت تعریف کی گئی بلکہ وہ باکس آفس پر بھی کامیاب رہی۔ اگست میں سنی دیول کی فلم ’غدر 2‘ نے باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیے اور اب، بوبی دیول کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ نے بھی اس خاندان کے گُڈ لُک میں مزید اضافہ کیا ہے۔

معروف ہدایت کار، سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’اینیمل‘ یکم دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی۔ فلم میں بوبی دیول کے ساتھ مرکزی کردار رنبیر کپور کا ہے۔ اب تک آنے والے ریویوز میں فلم کو اداکاراؤں کی کارکردگی کی وجہ سے سراہا جا رہا ہے لیکن ساتھ ہی مردانگی کو قابلِ اعتراض طریقے سے پیش کرنے پر تنقید بھی ہو رہی ہے۔

حیرانی کی بات یہ ہے کہ دھرمیندر اور سنی دیول نے اب تک اینیمل نہیں دیکھی مگر بوبی دیول کی والدہ پرکاش کور نے فلم کو نہ صرف دیکھا بلکہ اپنے بیٹے کے ولن ہونے کے انداز سے وہ زیادہ خوش نہیں ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران، بوبی دیول نے بتایا کہ ان کے پورے خاندان نے فلم دیکھ لی ہے سوائے ان کے والد اور بھائی کے۔ والدہ، بیوی اور بچے فلم دیکھ چکے ہیں۔ ان کی والدہ نے ان کے کردار پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ’تم ایسے کردار نہ کیا کرو، میں تمہیں اس روپ میں نہیں دیکھ سکتی‘۔

دراصل فلم میں بوبی دیول کی موت ہوجاتی ہے جس پر ان کی والدہ افسردہ ہوگئیں۔ بوبی نے بتایا کہ جب وہ اس منظر سے پریشان ہوئیں تو میں نے انہیں تسلی دی کہ ابھی زندہ ہوں اور آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔

بوبی نے بتایا کہ میری اہلیہ اور بچوں کو فلم پسند آئی ہے۔ کیوں کہ وہ میری بہت سی فلاپ فلمیں دیکھ چکے ہیں، لیکن اب وہ خوش ہیں کہ مجھے کامیابی مل رہی ہے۔

فلم ’اینیمل‘ باکس آفس پر اب تک 500 کروڑ سے زیادہ کماچکی ہے اور پہلے دن ہی فلم ’جوان‘ سے زیادہ پیسے کما کر برتری حاصل کر چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp