مونس الٰہی کیخلاف ایف آئی اے کی اپیل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

جمعہ 8 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کے خلاف منی لانڈرنگ الزامات کے تحت ایف آئی آر بحال کرنے کی ایف آئی اے کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف رحیم یار خان شوگر ملز سے متعلق  منی لانڈرنگ الزامات کے تحت اندراج مقدمہ کے لیے درخواست کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس کی سماعت کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔

جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ 15 دسمبر کو سماعت کرے گا، اس ضمن میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل لاہور نے چوہدری مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے کا مقدمہ خارج کر دیا تھا، ایف آئی اے نے اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم لاہور ہائیکورٹ نے اسپیشل جج لاہور کا ایف آئی آر خارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

ایف آئی اے نے مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا،جس پر سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کے خلاف رواں ماہ 2 دسمبر کو لاہور کی احتساب عدالت میں  احتساب عدالت میں 1 ارب روپے سے زائد کا ریفرنس دائر کر دیا ہے، ریفرنس میں پرویز الٰہی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پرویز الہٰی، مونس الٰہی اور دیگر ملزمان غیر قانونی طریقے سے 116 ترقیاتی اسکیمیں منظور کرواکر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp