پی ٹی آئی کے نومنتخب چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف الیکشن کے لیے مکمل تیار ہے اور انتخابی نشان بلا پارٹی کو ضرور ملے گا۔
سپریم کورٹ میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہرخان کا کہنا تھا کہ بلے کا نشان انہیں ضرور ملے گا، اگر الیکشن کمیشن نے ان کی توقع کیخلاف کوئی اقدام لیا تو یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کیونکہ آج تک 175 سیاسی جماعتوں میں سے کسی سے بھی انتخابی نشان واپس نہیں لیا گیا۔
’پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے انتخابی نشانات ختم ہوگئے تھے لیکن وہ قانون میں ایسی تبدیلی رونما ہوگئی تھی کہ انہیں یہ اقدام لینا پڑا لیکن انٹرا پارٹی الیکشن سے نہیں۔۔۔ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن فری، فیئر اور ٹرانسپیرنٹ ہوئے تھے، جس کی ساری تیاری ہوئی تھی اور جسے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر دکھایا گیا تھا۔‘
بیرسٹر گوہر علی خان کے مطابق وہ نہیں سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے پاس انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے ایسا کوئی جواز موجود ہے جس کو بنیاد بناکر ان کی جماعت سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے گا۔ ’۔۔پھر بھی ہم بری صورتحال کے لیے تیار ہیں، ہم نہ صرف الیکشن لڑیں گے بلکہ جیتیں گے بھی۔‘
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی انتخابی تیاری مکمل ہے، اور کارکنوں کو بھی انتخاب کے دن کا انتظار ہے، عمران خان جیل میں بلند حوصلہ ہیں اور دراصل پارٹی چیئرمین وہی ہیں، ہفتے میں 2 تین بار ان سے ملاقات ہوتی ہے۔