اشرافیہ کے ہاتھوں کھیلنے سے انکار پر نتائج بھگت رہا ہوں، جسٹس مظاہر نقوی کا چیف جسٹس اور ججز کو کھلا خط

منگل 12 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل میں اپنے خلاف کارروائی کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان اور عدالت عظمیٰ کے ججز کو کھلا خط لکھ دیا۔

جسٹس مظاہر نقوی نے موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ اور پاکستان کے عوام کے علاوہ کسی کے لیے فرائض سرانجام نہیں دے رہا۔ میں پاکستان کی سیاسی اشرافیہ کے ہاتھوں کھیلنے سے انکار پر نتائج بھگت رہا ہوں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود نے سابق چیف جسٹس کو میرے خلاف کارروائی کرنے کے لیے خطوط لکھے۔

مظاہر نقوی نے لکھا ہے کہ میں سپریم جوڈیشل کونسل کی جعلی کارروائی کا آخر تک مقابلہ کروں گا، یہ میری ذات کا نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے وقار کا معاملہ ہے۔

خط کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کا رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھا گیا خط ظاہر کرتا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کی کیسے خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف اس وقت سپریم جوڈیشل کونسل میں کارروائی چل رہی ہے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے گزشتہ روز معمول کے مقدمات کی سماعت میں بینچ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے موقف اختیار کیا تھا کہ جسٹس جمال مندوخیل میری آئینی درخواستیں سننے والے بینچ میں شامل ہیں، ایسی صورتحال میں ایک ساتھ بینچ میں بیٹھنا مناسب نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp