لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کے جیل ٹرائل کیخلاف فل بینچ تشکیل دے دیا

بدھ 13 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی درخواست پر فل بینچ تشکیل دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا، فل بینچ کی سربراہی جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی۔ فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق 3 رکنی فل بینچ 18 دسمبر کو  درخواست پر سماعت کرے گا، سنگل بینچ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کی تھی۔

واضح رہے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کو چیلنج کررکھا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے گزشتہ سماعت میں کہا تھا کہ اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو زیر سماعت ہے، اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے، اس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سائفر اور القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کے لیے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کرتے ہوئے چیف جسٹس کو بھجوادی جب کہ عدالت نے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگانے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کے بھی جیل ٹرائل کا فیصلہ سنایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp