توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان اور فواد چوہدری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف زیر سماعت توہین الیکشن کمیشن کیس کے ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق کیس کے ملزمان کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے بدھ کو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا۔

الیکشن کمیشن نے عدم پیشی پر عمران خان نے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے، جبکہ وزارت داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کو الیکشن کمیشن پیش کرنے سے معذرت کی تھی، وزارت داخلہ نے وزارت قانون سے رائے لے کر عمران خان اور فواد چوہدری کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی درخواست کی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔

واضح رہے کہ 20 جون کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی سمیت 4 رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔

گزشتہ سماعت کے موقع پر بھی تحریک انصاف کے مشترکہ وکیل فیصل چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ تمام فریقین کی نمائندگی کرتے ہوئے پیش ہوئے ہیں انہیں گزشتہ آرڈر نہیں ملا۔ جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ جوابدہ تو آج بھی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔

نثار درانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا بینچ اب فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کرے گا جوابدہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp