جلسہ آن لائن، پی ٹی آئی کی نئی حکمت عملی

بدھ 13 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں سیاسی جماعتیں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور مختلف شہروں میں جلسوں اور کنوینشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت جیل میں ہے جبکہ سینیئر رہنما مختلف مقدمات کے باعث روپوش ہیں ایسے میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنی انتخابی مہم کو چلانے کے لیے ایک منفرد انداز اپناتے ہوئے آن لائن جلسے کا اہتمام کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کا مقصد آئندہ عام اتنخابات سے قبل پارٹی ووٹرز کو متحرک کرنا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا پہلا آن لائن جلسہ 17 دسمبر کو منعقد کیا جائے گا جس میں پارٹی کے رہنما شریک ہوں گے اور ورکرز کی ویڈیوز بھی اس جلسے کے دوران چلائی جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا یہ جلسہ پی ٹی آئی کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ اس جلسے میں عمران خان کے نوٹس بھی پڑھ کر سنائے جائیں گے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رو پوش رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شریک ہوں گے جبکہ کچھ رہنما کا آڈیو خطاب بھی چلایا جائے گا۔

روپوش رہنماؤں میں سینیٹر شبلی فراز، عمر ایوب خان، علی امین گنڈا پور، قاسم سوری، مراد سعید، حماد اظہر، تیمور جھگڑا، علی محمد خان اور دیگر رہنما شرکت کریں گے۔

آن لائن جلسے سے بیرون ملک موجود پاکستان تحریک انصاف کی قیادت بھی شرکت کرے گی جس میں زلفی بخاری، شہباز گل اور کنول شوزب شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں ورکرز کنونشن کا شیڈول بھی ترتیب دے دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں کامیاب ورکرز کنوینشن کے انعقاد کے بعد شیر افضل مروت اب پنجاب کا رخ کریں گے جہاں وہ کارکنان کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آئندہ ہفتے سے پنجاب کے مخلتف اظلاع میں ورکرز کنوینشن کا انعقاد کرے گی جس میں وزیرآباد، جھنگ، میانوالی، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں۔

شیر افضل مروت مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے اور پی ٹی آئی کے ووٹرز کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ پنجاب کے کچھ اضلاع سے تحریک انصاف میں شمولیت کے سلسلے کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی عمر ایوب خان کا ورچوئل جلسے کا اعلان

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی عمر ایوب خان نے اعلان کیا ہے کہ 17 دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے پی ٹی آئی کا پہلا ورچوئل جلسہ منعقد ہوگا۔

https://twitter.com/OmarAyubKhan/status/1734868790708502984

ایکس پر اپنے پیغام میں عمر ایوب نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اللہ تعالٰی نے زندگی دی تو آپ سے وہیں ملاقات ہو گی‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کو جیت عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp