اسلام آباد ہائیکورٹ:سائفر کیس میں عمران خان کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

جمعرات 14 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سائفر کیس میں جیل ٹرائل کے لیے قانونی پراسیس پورا نا ہونے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے ٹرائل کو روکنے کی استدعا کو مسترد کر دیا گیا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی، وکیل سکندر ذوالقرنین سلیم نے کہا کہ 4 دسمبر کے ٹرائل کورٹ کے آرڈر کو چیلنج کیا گیا ہے، ٹرائل کورٹ نے 4 دسمبر کو سائفر کیس کے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہی یہ آرڈر میں کیا کہہ رہے ہیں، وفاقی حکومت کا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کدھر ہے؟ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم جس پر جسٹس میاں گل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کیوں نہیں پتہ جیل ٹرائل ہو رہا ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ حکومت کا کام ہے، جج کا نہیں کہ وہ کورٹ کے لیے جگہ کا انتخاب کرے، جس پر جسٹس میاں گل حسن بولے کہ یہ جج کا ہی اختیار ہے۔ جج ٹرائل کے لیے جیل کا انتخاب کر سکتا ہے مگر وہ اوپن کورٹ ہونی چاہیے۔

عدالت نے سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ آجائے پھر دیکھتے ہیں۔ جس پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت آئندہ سماعت تک ٹرائل روک دے۔

جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کا ٹرائل فوری روکنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp