محکمہ جنگلی حیات نےبندر کے عالمی دن کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ جنگل میں بندر کے غیر قانونی شکار اور تجارت کو روکنے میں محکمہ کے ساتھ تعاون کریں۔
ترجمان کے مطابق جنگلی بندر ماحول میں پھولوں اور بیج کے پھیلائو میں کلیدی کردار ادا کرہے ہیں جس سے جنگل کا قدرتی ماحول خوشگوار ہوتا ہے اور اس سے ماحول کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرنے والے دیگر پرندے اور جانور بھرپور استفادہ کرتے ہیں ۔
جنگلی بندر انتہائی ذہین ہوتے ہیں اور ہمہ وقت چاق و چوبند رہتے ہیں تاہم بعض عناصر انہیں اپنی روزی روٹی کےلیے کھیل تما شوں کے لیے استعمال کرتے ہیں اور اس غرض سے وہ جنگلوں سے ان کے بچوں کو سمگل کرتے ہیں اور پھر انہیں قید میں رکھ کر ان کی تربیت کرتے ہیں جوکہ ان کے لیے انتہائی اذیت ناک ہوتا ہے۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیات وپارکس پنجاب نے اسے وائلڈ لائف ایکٹ کے جدول 3میں رکھ کر اسے مکمل تحفظ دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قبیح فعل کی بیخ کنی میں محکمہ سے تعاون کریں۔