چیف جسٹس نے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا

جمعہ 15 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے لیے بیوروکریسی سے ریٹرننگ آفیسرز کے خدمات حاصل کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کیے جانے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کو سپریم کورٹ طلب کرلیا تھا۔

سپریم کورٹ پہنچنے کے فوراً بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سے اہم ملاقات شروع کردی جہاں اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے،

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عام انتخابات میں بیوروکریسی سے ریٹرننگ افسران لینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفیکشن معطل کردیا تھا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے پنجاب میں انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کے خلاف درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی تھی۔

مذکورہ ملاقات میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی ملاقات میں موجود تھے، جہاں چیف الیکشن کمشنر نے ججز کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع سے آگاہ کیا،

ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات سے قبل چیف جسٹس نے 2 سینیئر ججز سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp