وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ نے استعفیٰ 13 دسمبر کو پیش کردیا تھا جسے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے جمعہ 15 دسمبر کو قبول کیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے اپنا عہدہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کی غرض سے چھوڑا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وی نیوز سے انٹرویو میں سرفراز بگٹی سے جب ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک سیکیرٹ ہے۔
نوجوانوں میں مقبول سرفراز بگٹی کا کچھ نوجوانوں سے شکوہ
سرفراز بگٹی نوجوانوں میں خاصے مقبول ہیں تاہم انہیں کچھ نوجوانوں سے شکایت بھی ہے۔
وی نیوز کو دیے گئے ایک اور انتڑویو میں ان کا کہنا تھا ہماری نوجوان نسل کی تربیت میں کمی رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل جس میں میرے اپنے بھتیجے، بھانجے اور دیگر رشتہ دار بھی شامل ہیں، ان کی ہم نے کیا تربیت کی ہے؟
مزید پڑھیں
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آج کل کچھ نوجوان سیاسی اختلافات کی وجہ سے گالم گلوچ اور مار دھاڑ میں لگ جاتے ہیں حالاں کہ آپ کے نظریاتی اختلاف ہوسکتے ہیں لیکن ہم اب بدنظمی سے بدتمیزی کے طرف چلے گئے ہیں اور اب ہمیں یہ چیز اگلے 50، 60 سالوں تک بھگتنی ہوگی۔
سرفراز بگٹی کا مختصر تعارف
میر سرفراز بگٹی یکم جون 1981 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ میر غلام قادر مسوری بگٹی کے صاحبزادے ہیں اور بلوچستان کے بگٹی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک ممتاز سیاستدان ہیں جو بلوچستان کے وزیر داخلہ اور قبائلی امور کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے لارنس کالج، مری میں تعلیم حاصل کی۔ بورڈنگ اسکول میں قیام کے دوران اس نے مباحثوں میں حصہ لیا اور انہیں کھیلوں سے بھی شغف رہا۔