سابق پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے

ہفتہ 16 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ہمایوں اختر کو سربراہ آئی پی پی جہانگیر خان ترین نے پارٹی مفلر پہنایا۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ جہانگیر ترین کے شانہ بشانہ چلوں گا۔

سابق وفاقی وزیر و پی ٹی آئی رہنما ہمایوں اختر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد میں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی، سانحہ 9 مئی کو 7 ماہ گزر چکے ہیں۔ دل ابھی بھی افسردہ ہے، شہید جرنیل کا بیٹا ہوں یہ سب کیس برداشت کر سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک مہنگائی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، ہمیں ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہوگا، جہانگیر ترین کے شانہ بشانہ چلوں گا پارٹی سے مشورے کے بعد اعلان کروں گا کہ کہاں سے الیکشن لڑنا ہے۔ آج ہم متحد ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

سربراہ آئی پی پی جہانگیر ترین نے ہمایوں اختر خان کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور شمولیت پر مبارکباد پیش کی۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمارا موقف اورمشن ہے کہ پاکستان کو بحران سے نکالیں، ایڈجسٹمنٹ اور میل ملاپ سیاست کا حصہ ہوتا ہے، جب سب اکٹھے مل کرکام کرینگے تو ملکی معیشت بہتر ہوگی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں نے بلایا تھا ملاقات ہوئی، اچھی بات چیت ہوئی، اوپن ماحول ہے، کھل کر الیکشن ہو گا، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں کہ کس جماعت کی زیادہ پذیرائی ہے۔ الیکشن کا ماحول ہے پہلے الیکشن لڑیں گے باقی چیزیں بعد میں سیٹ ہوں گی۔

صدر آئی پی پی علیم خان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ہمایوں اختر خان کا کلیدی کرداررہا ہے، ہمایوں اختر خان کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ 9 مئی واقعے کے بعد پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ن لیگ سے مذاکرات ہورہے ہیں اتحاد نہیں ہوا، ن لیگ سے مذاکرات کا نتیجہ آپ سب کے سامنے آجائے گا، ہم کسی کی گردنیں نہیں کاٹیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp